• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تقسیم میں رکاوٹ ، ڈان کا نگراں وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی( جنگ نیوز) روزنامہ ڈان کو گزشتہ ایک ماہ سے اخبار کی تقسیم میں روزانہ خلل اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ اخبار کو پورے ملک کے شہروں اورقصبوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہاکرز اورسیلز ایجنٹس کو مسلسل ہراساں کیا اور دھمکیاں دی جارہی ہیں۔انہیں جسمانی طورپر دبائو کا بھی سامنا ہے۔ اخبارات کی تقسیم سے روکنے کیلئے جبر اوردبائو کے حربے آزمائے جارہے ہیں۔ بدھ کو ڈان کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اخبار کی گاڑیوں اورہاکرز کو گزشتہ کئی ماہ سے خاص علاقوں میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیاگیا ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ مئی کی وسط سے جاری ہے۔ ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ پنجاب میں تعینات حکام نیوز پیپر ایجنٹ ، ہاکرز اور سیلز مین کو من مانے طورپر طلب کر کے انہیں ڈان تقسیم نہ کرنے اورحکم عدولی کی صورت سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ڈان اس بات پر یقین رکھتا ہےکہ ہرشخص کو اپنی مرضی کے اخبار کے مطالعے کا حق حاصل ہے اس سے روکا جاناآئین کے آرٹیکل 19کی خلاف ورزی ہے۔ ڈان انتظامیہ نے نگراں وزیراعظم ریٹائرڈ چیف جسٹس ناصرالملک ، آرمی چیف، جنرل قمر جاوید باجوہ اورچیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے کسی تاخیر کے بغیر اس اشتعال انگیز صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ متعلقہ حکام کو چاہئے کہ وہ ریاستی اداروں کو ایسے اقدامات سے باز آنے کی ہدایت کریں بیان کے آخر میں انتظامیہ نے ڈان کے دیرینہ قارئین سے ایسی صورتحال میں تحمل کی استدعا کی ہے۔ کوئی خلل ہے تو وہ ڈان کے دفتر یا سیلز ایجنٹ سے براہ راست رابطہ کریں۔
تازہ ترین