لندن(جنگ نیوز)بینظیر بھٹو کی بھانجی آزادی حسین رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں ،تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو کی بیٹی کی تقریب ویک اینڈ پرلندن میں ہوئی ،جس میں بلاول ،آصفہ اور بختاور نے خصوصی شرکت کی ۔بینظیر کے کزن طارق اسلام، چھ سندھی فیملیز، واجد شمس الحسن اور بینظیر کی قریبی سہیلی وکٹوریہ سکوفیلڈ نے بھی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔پیپلزپارٹی کے قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ توقع تھی کہ بلاول بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے ہسپتال کا دورہ کریں گے،بلاول عیادت کیلئے ہسپتال جانا چاہتے تھے انہوں نے اس بارے میں آصف علی زرداری سے بات کی لیکن انہیں اجازت نہیں ملی۔ذرائع نے کہا کہ بلاول کو سیکیورٹی کلیئرنس نہیں مل سکی۔دوسری جانب صنم بھٹو کا بلاول بھٹو زرداری کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ پاکستان کو درست سمت میں لے جا سکتا ہے۔صنم بھٹو نے ووٹرز سے کہا کہ اگر آپ پاکستان کو درست سمت میں ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر اگلے عام انتخابات میں بلاول کو ووٹ دیں۔ بلاول امید کی کرن اور پاکستان کی قیادت کیلئے واحد انتخاب ہے۔ صنم بھٹو نے اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔