• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آملہ ہے بہترین ۔ ۔ ۔ جلد، بالوں اور صحت کیلئے!

چاہے آپ اسے کھاتے ہوں،پیتے ہوںیا پھرلگاتےہوں،آملہ (جسے بھارتی کرودا بھی کہا جاتاہے) آپ کی جلد، بال اور صحت کے لئے انتہائی فائدہ مند ہے۔ گوسو بیری (آملہ) کا رس کسی بھی قدرتی مصنوعات کی طرح عمر کوبڑھنے نہیں دیتا جبکہ اس کا پیسٹ آپ کے بالوں کے لئے حیرت انگیز کام کرسکتا ہے۔

سنسکرت میں اصل لفظ آ ملک ہے، اس سے ماخوذ اردو میں آملہ مستعمل ہے۔ یہ ایک قسم کا کسیلا اور ترش پھل ہے جو رنگ میں انگور سے مشابہ اور جسامت میں آلوچے کے برابر ہوتا ہے۔

مثل مشہور ہے کہ آملے کا کھایا اور بزرگوں کا کہا بعد میں پتا چلتا ہے یعنی ان دونوں میں جو فوائد پوشیدہ ہیں وہ آگے چل کر سامنے آتے ہیں۔آملہ میں قوت و توانائی کا خزانہ موجودہے۔ جو لوگ آملہ کا خوردنی استعمال کرتے ہیں وہ صحت کے ساتھ لمبی عمر پاتے ہیں۔ آملہ کا پھل گول شکل کا ہوتا ہے، گودا سخت اور موٹا ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق اس میں موجود وٹامن سی کی مقدار دنیا کے سبھی پھلوں سے زیادہ ہے۔ یہ وٹامن بہت جلد انسانی بدن میں جذب ہوکر صحت، قوت مدافعت بڑھانے اور درازی عمر میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

بالوں کی نشوونما

بالوں کی نشوونماکیلئے صدیوں سے آملہ کااستعمال رائج ہے، اس میں موجود کیلشیم بالوں کومضبوط اوررنگ کو سیاہ کرتا ہے، ا س کیلئے سوکھے آملوں کاپانی ابال کر بالوں کی جڑوں میں لگایاجاسکتا ہے جس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہو تی ہیں ۔ آملوں کو پیس کر پانی میں بھگونے اورپھر اس پانی سے سردھونے سے بالوں کی سیاہی قائم رہتی ہے اور بال گرنے رک جاتے ہیں۔

جِلد کا رکھے خیال

آملہ کا استعمال جلد کے لئے بھی مفید رہتا ہے، یہ جلد کے داغوں کا خاتمہ کرتا ہے ،اس کے علاوہ جلد کی جلن دور کرنےمیں معاون ہوتاہے۔قدرتی طور پر خون صاف کرنے کی صلاحیت رکھنے کی وجہ سے آملہ جلد پر دانوں اور کیل مہاسوں کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتاہے۔اس کا پیسٹ آپ کے چہرے کے کیل مہاسوںیعنی پمپلز کو دورکرتاہے ۔ پمپلز سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئےپیسٹ کو 15سے20 منٹ کے لئےچہرے پر لگایا جاسکتا ہے۔ یہ پمپلز کے نشانات کا علاج کرنے میں بھی مؤثر ہے اور جِلدکی معمول کی رنگت کو بحال کرنے میں مدد کرتاہے۔

اس کے علاوہ جلد کی جھریوں کا خاتمہ کرتا ہے، جلد کو شاداب اور چمکدار بناتا ہے۔اگر چہرے کو روزانہ آملے کے پانی سے دھویا جائے تویہ کیل مہاسوں اور دانوں سے پاک ہوکر پُر رونق ہوجاتا ہے۔

صاف و شفاف رنگت

آملہ میں اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی، آپ کی جِلد کی چمک بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ پھل آپ کی جِلد کوستواں اور مضبوط بنانےکے ساتھ ملائم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ آملہ پاؤڈر لیں، اسے گرم پانی میں ملا کر پیسٹ بنائیں ۔ اس پیسٹ کوچہرے پر ملیں اور پھر 3 سے 5 منٹ بعد دھولیں۔ مزید فائدہ حاصل کرنے کیلئے اس میں ہلدی ملالیں ۔ آملہ کے جوس میں ذراسا شہد ملا کر پینے سے آپ کو اپنی رنگت پہلے سے بہتر کرنے اور چہرے کو دمکانے میں مدد ملے گی۔

جِلد پر آملہ لگانے سے یہ ایک قدرتی ‘سن بلاک’ کا کام کرتا ہے اور جلد پر ایک تہہ بن جاتی ہے جو الٹرا وائلیٹ ریز سے بھی بچاتی ہے۔ ایسا کرنے کے لیے آملہ کو باہر جانے سے 20 سے 30 منٹ پہلے لگالیں۔

غذائی فوائد

آملے کی زبردست قدروقیمت اس کے بڑے جزو، وٹامن سی کی وجہ سے ہے۔ مزید برآں اس میں کیلشیم فاسفورس، فولاد اور وٹامن بی بھی ملتے ہیں۔ آملہ کواستعمال کرنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ اسے نمک کے ساتھ کچا کھایا جائے۔ یوں اس میں موجود وٹامن سی اور فولاد کم سے کم ضائع ہوتا ہے۔ آملہ کے دانے بطور سبزی بھی استعمال ہوتے ہیں۔ یہ عموماً دوا کے کام زیادہ آتا ہے۔ آملہ میں موجودخاص قسم کاکیمیائی مادہ ہڈیوں کی نشوونما میں مدد کرتاہے۔ آملہ کومربہ، اچار اور سلاد کی طرح کھایاجاسکتا ہے جبکہ جگرکے مریض بھی ا س کواستعمال کرسکتے ہیں کیونکہ وٹامن سی اورپروٹین میٹابولزم میں اہم کام سرانجام دیتے ہیں۔ ا س لیے یہ جگر اورمعدے کو فعال کرنے اوروزن گھٹانے میں مددکرتا ہے۔

تازہ ترین