• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی کی بڑھتی ہوئی مصروفیات اوردرپیش سماجی و معاشی مسائل نہ صرف صحت پر بر ے اثرات مرتب کرتے ہیں بلکہ حسن و خوبصورتی کو قائم رکھنے میں بھی روڑے اٹکاتے ہیں۔ جب بات ہو خوبصورتی کی تو چاہے آپ کسی بیوٹی ایکسپرٹ کی رائےلیں یا پھرکسی سیلیبرٹی کی فٹنس اورخوبصورتی کے رازوں سے پردہ اٹھائیں، ایک ہی بات توجہ طلب نظر آتی ہے اور وہ ہے ’’اپنے لیے وقت نکالیں ،،۔ آپ یہ وقت صرف میک اپ یا بیوٹی پراڈکٹس کے لیے ہی نہیں بلکہ کچھ خاص قسم کی ورزش ’’یوگا،، کےلیے بھی باآسانی نکال سکتی ہیں۔ یوگا صرف انسان کی جسمانی صحت پر ہی نہیں بلکہ اس کی خوبصورتی اور دلکشی کو قائم رکھنے پر بھی خاصا اثر انداز ہوتا ہے۔جاذب نظر شخصیت،خوبصورتی اور اسمارٹنس ہر انسان کی دلی خواہشات میں شامل ہے۔

جس طرح چہرے کی دلکشی کے لیےکہا جاتا ہے کہ اگر باقاعدگی سے چہرے کی کلینزنگ کی جائے تو وہ خوبصورت ہوجاتا ہے، اسی طرح ماہرین یوگا سے متعلق بھی یہی کہتے ہیں کہ اس کے ذریعے ہماری روح اور ذہن کی کلینزنگ ہوتی ہے۔ یوگا کا ذکر ہورہا ہے توآپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ 21جون کو یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔رواں برس بھی دو روز قبل پاکستان سمیت دنیا بھر ’’یوگا ڈے‘‘ منایا گیا۔دسمبر 2014ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہر سال21جون کو عالمی یوگا ڈے منانے کا اعلان کیا گیا۔جس کے بعد 21جون 2015ء کو دنیا بھر میں یوگا کا پہلا عالمی دن منایا گیا جس کا مقصدیوگا آسن کے نام پر کی جانے والی جسمانی ، ذہنی اور روحانی مشقوں کے ذریعے انسان کے جسم کو ذہنی طور پر یکجا کرنا ہے۔یوگا سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب روح پر قابو پانا اور متحد کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق ملازمت پیشہ خواتین اکثر مصروفیات کے باعث ورزش کرنا چھوڑ دیتی ہیں ۔ان کے مطابق خواتین جہاں دن میں14گھنٹے کام کرنا ضروری سمجھتی ہیں تو وہاں ان کو چاہیے کہ اپنے لیے بھی کچھ وقت نکالیں۔ روزانہ کم از کم 40 منٹ اپنے لیے مخصوص کر یںاور اس دوران ورزش ، یوگا یا پھر چہل قدمی کر یں۔اس کے علاوہ اگر ممکن ہوتو تھوڑی دوڑ بھی لگا لیں۔

صحت کو تادم حیات فٹ رکھنے کے لیےمعمولات زندگی میں ورزش کو شامل کرنا بے حد ضروری ہے اور اگر یہ ورزش یوگا یا ایروبکس کی شکل میںہوتو زیادہ سود مند ہے ۔یوگاکے ذریعے صحت کو حاصل ہونے والے فوائد تو ہم جانتے ہی ہیں، آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیں یوگا کے ذریعے حسن وخوبصورتی کو بڑھانے اور اسے قائم رکھنےپر۔

پر سکون اور خوشگوارنیند کا حصول

کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ ’’سونا ہے سونے جیسا‘‘،مرد ہوں یا خواتین نیند کی اہمیت کا انداز ہ بخوبی لگاسکتے ہیں۔ اچھی اور پرسکون نیند نہ صرف انسان کےمزاج کوخوشگوار بناتی ہے بلکہ آنکھوں کے گرد بدنما سیاہ حلقے بھی پیدا نہیں ہونے دیتی، سائنس نے ثابت کیا ہے کہ نیند مفت اور مؤثر ترین بیوٹی ٹریٹمنٹ ہے۔رات کے وقت لی گئی اچھی نیند ا نسان کی شخصیت کی کشش کو بڑھا دیتی ہے۔ماہرین اچھی نیند کے لیے دن میں 8منٹ یوگاکرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔دن میں کچھ دیر کیے گئے یوگا اسٹریچ اچھی نیند پانے کا بہترین طریقہ تسلیم کیے جاتے ہیں۔

بڑھاپے سے دوری

بہت سی خواتین گھر کے کاموں اور مصروفیات کے باعث خود کو نظرانداز کرتی ہیں اورورزش نہیں کرپاتیں۔باقاعدگی سے یوگا کرنا طویل عمر تک جوان، متحرک اور صحت مند رکھتا ہے۔یہ عمل آپ کو بڑھاپے سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔یوگا کے ذریعے آپ کے جسم میں لچک پیدا ہوجاتی ہے اور مسلسل یوگا کرنا آپ کی یادداشت میں بہتری پیدا کرتا ہے۔

وزن میں کمی

ماہرین کا کہنا ہے کہ یوگا کرنے سے جسم نہ صرف خوبصورت اور لچک دار ہوتا ہے بلکہ اس میں ایک توازن بھی قائم ہوجاتا ہے۔ جو خواتین باقاعدگی سے یوگاکرتی ہیں ان کے مطابق یہ وزن گھٹانے اور چربی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔امریکی ماہرین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق یوگا آسن باقاعدگی سے کرنے سے موٹاپا 50 فیصد دور بھاگ جاتا ہے۔

صحت مندوزن

جو خواتین وزن میں کمی کا شکار ہیں تو ایسی خواتین کے لیے بھی یوگا ایک آئیڈیل عمل ہے۔یوگا وزن کم کرنے میں ہی نہیں وزن بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔یہی نہیں یوگا کرنے سے کمزور خواتین کاچہرہ چند ہی دنوں میں چمکنے لگتا ہے۔

تازہ ترین