• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ، شہریوں کو شدید مسائل

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کوبدترین ٹریفک جام رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدیددقت کاسامناکرناپڑا،مری روڈ اوراس سے ملحقہ سڑکوں ٹیپوروڈ،لیاقت روڈ،راجہ بازار، راشد منہاس روڈ ،گوالمنڈی روڈ،اقبال روڈ،راول روڈ ، ڈبل روڈ اوردیگرشاہراؤں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اورشدیدگرمی کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار خواتین ،بچے اوربوڑھے پسینے سے شرابورہوگئے ہفتہ کوایک مذہبی تنظیم کی جانب سے جلوس نکالاگیاجوپانچ بجے کے قریب برآمدہوااوررات پونے گیارہ بجے اختتام پذیرہواجس کی وجہ سے مری روڈپر لیاقت باغ چوک سے چاندنی چوک تک سڑک کو سہ پہرسے ہی رکاوٹیں لگاکربندکردیا گیا ۔ادھروارث خان سٹاپ سے کمیٹی چوک کی جانب آنے والی ٹریفک اورکمیٹی چوک میں بھی ٹریفک کوبندکردیا گیا۔اسلام آبادسے آنے والی ٹریفک کو راول روڈ کی جانب موڑدیاگیا،جس کی وجہ سے پورے شہرمیں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوئی اورسڑکوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اوریہ سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ اسلام آبادآنے جانے والے مسافراورشہری بھی ٹریفک کی اس بدنظمی سے دوچارہوئے ،بعض مقامات پرایمبولینس گاڑیاں بھی ٹریفک میں پھنسی نظرآئیں ، ٹریفک میں پھنسے شہریوں کاکہناتھاکہ عام طورپرجلوسوں اورریلیوں کی پیشگی اطلاع دی جاتی ہے جس سے باخبرشہری ریلی یا جلوس والے علاقہ میں جانے سے گریزکرتے ہیں لیکن انہیں کچھ پتہ نہیں کہ مری روڈ کوکیوں بندکیاگیا ہے اوراس بارے نہ توسٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک رواں رکھنے کے لئے کوئی متبادل ٹریفک پلان دیا اورنہ ہی انتظامیہ نے شہریوں کواس بابت آگاہ کیاجس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا اورکوئی اہلکارانہیں بتانے کو تیارنہیں کہ یہ کیا ہورہاہے۔ اس دوران ٹریفک کا نظام بری طرح متاثررہا اورشدید گرمی میں لوگ گاڑیوں میں پھنسے رہے۔مری روڈپرٹریفک جام ہونے کی وجہ سے دیگرلنک روڈزپر بھی ٹریفک بری طرح پھنس گئی اورپریشان حال لوگ انتظامیہ اورپولیس کوکوستے رہے یہ سلسلہ رات تک جاری رہا۔
تازہ ترین