راولپنڈی (نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرے کیس کا فیصلہ ہوچکا ہے،ایفی ڈرین کیس کافیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، مجھے اللہ نے مغروروں کی گردنوں سے سریا نکالنے کیلئے پیداکیا ہے، غازی بروتھا سے راولپنڈی کیلئے 200ملین گیلن پانی لے کر آئینگے، راولپنڈی میرا ہے اورمیں راولپنڈی کاہوں، کسی کوغلط فہمی ہے تو وہ 25جولائی کو دور ہوجائے گی، ہم نے پہلے راولپنڈی میں تعلیم عام کی اب پانی اور روزگار عام کریں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے این اے 60اور 62کی انتخابی مہم کے دوران عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشیداحمد نے کہاکہ اس وقت راولپنڈی شہر کربلا بناہوا ہے اور لوگوں کوپینے کاپانی بھی نہیں مل رہا، انشاء اللہ ہم غازی بروتھا سے 200ملین گیلن پانی لائیں گے۔