سرگودھا میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل کی لرزہ خیز واردات کی گتھی سلجھنے لگی، واقعہ کی ایف آئی آر میں نامزد مبینہ طور پر مرکزی ملزم عامر کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم عامر کو زخمی راشد کی نشاندہی پر گرفتار کیا، جبکہ قتل اور دہشت گر د ی سمیت دیگر دفعات کے تحت واقعہ کا مقدمہ 7 افراد کے خلا ف تھانہ صدر بھلوال میں درج کرلیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عامر مقتولہ ثناء کا شوہر ہے اور اس نے دو ماہ قبل ہی پسند کی شادی کی تھی۔ ثناء کے اہل خانہ اس شادی سے خوش نہ تھے اور طلاق کا تقاضا کر رہے تھے، جبکہ ملزم ثناء سے صلح کرنے کا خواہشمند تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ باقی 6 ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھلوال کے علاقہ 11 شمالی میں 7افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا تھا جن میں میاں، بیوی اور 3 بچے شامل تھے، جبکہ ایک 16 سالہ لڑکا راشد زخمی ہوگیا تھا ۔