• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی پر کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتا،ناراض لوگ صبر کریں،شاہد خاقان

کہوٹہ ،کلر سیداں(نمائندگان جنگ،آئی این پی)سابق وزیراعظم شاہد خا قان عباسی نے کہا ہے کہ الزام تراشی گالی گلوچ اور دوسروں کی عزت اچھالنا ہماری سیاست کا حصہ نہیں ہے۔کسی کی ذات پر کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتا،ناراض لوگ صبر کریں۔مشرف آمریت کے نو سالہ دور اور پیپلزپارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں ترقیاتی کام نہ ہوئے جبکہ اس کے بر عکس مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں جتنی ترقی ہوئی ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ میاں نواز شریف نے مشکل حالات کے باوجود ملک کی خدمت کی۔کہوٹہ تا پنڈی روڈ کے لیئے 16ارب کی گرانٹ سے چار رویہ سڑک جبکہ کہوٹہ یونیورسٹی کے لیئے فنڈز بھی جاری کیئے گئے ہیں ۔ ترقیاتی کاموں میں وقت لگے گا۔ پوری تحصیل کہوٹہ میں گیس کی فراہمی بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ترقیاتی کام کسی پر احسان نہیں بلکہ ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہیں۔پہلے بھی عوام نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیں گے ترقیاتی کاموں سے عوام علاقہ آگاہ ہیں وزیر اعظم بنا تو سکیورٹی مسائل کی وجہ سے حلقے میں زیادہ آنا جانا نہ ہوا ہر یو سی اور گاؤں جاؤنگا ۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہوٹہ میں الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا شاہد خاقان عباسی کو آڑی سیداں سے ایک جلوس کی شکل میں کہوٹہ لایا گیا۔ دریں اثناء کلر سیداں کے نواحی علاقہ میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےشاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایک طرف خدمات کی سیاست جبکہ دوسری طرف الزامات اور گالم گلوچ ہے۔عوام کے بہتر فیصلوں سے پاکستان کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔میاں نواز شریف نے شرافت ، عوامی خدمت اور پاکستان کی ترقی کی سیاست کی۔الحمداللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ،سندھ،بلوچستان اور کے پی کے کی حکومتوں میں کرپشن رہی مگر پنجاب کی حکومت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا،مخالفین چاہیں تو مناظرہ کرلیں ہم تیار ہیں،ریکارڈ لے کر عوام کے پاس جائیں گے فیصلہ عوام نے کرنا ہے،ہمیں کسی قسم کی کوئی شرمندگی نہیں۔سابق وزیر اعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر تھی۔پاکستانی سرحدوں اور کراچی کی صورتحال انتہائی خراب تھی، کراچی کا شمار ملک کے آٹھ خطرناک شہروں میں ہوتا تھا جو آج امن کا گہوارہ ہے،پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں استحکام پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نواز شریف کی خدمت کا اعتراف کرتے ہیں اور ہماری یہی خدمت عام انتخابات میں ہماری کامیابی کی ضمانت ہو گی۔اس سے پہلے بھی حکومتیں رہیں لیکن کام نہ ہونے کے برابرہے، کچھ لوگ گیس اوربجلی نہ ملنے پر ناراض ہیں، تھوڑاصبرکرلیں، منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔
تازہ ترین