بارسلونا (شفقت علی رضا) پاکستان پیپلز پارٹی سپین کے زیراہتمام بے نظیر بھٹو شہید کی 65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں جیالوں کی کثیر تعداد شریک تھی، تلاوت کلام پاک سے شروع کی گئی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سپین کے صدر چوہدری اشتیاق حسین، پیپلز پارٹی یورپ کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ عبدالرزاق صادق، پروفیسر طاہر محمود، چوہدری ساجد گوندل، طارق جمال گجر، پیپلز پارٹی یوتھ ونگ یورپ کے صدر نوید نبی اور دوسرے مقررین نے بے نظیر بھٹو شہید اور ان کے خاندان کی جمہوریت کی بقا کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو بھرپور الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ آج اگر محترمہ زندہ ہوتیں تو اپنی سالگرہ کا کیک خود کاٹتیں، بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی تمام تر زندگی اپنی خاندانی روایات کو زندہ رکھنے میں سرف کردی اور ان روایات میں غریب کو حق دینا، جاگیرانہ نظام کا خاتمہ، پاکستان کی ترقی اور شہادتوں کے سلسلے کو آگے بڑھانا تھا، تقریب میں نو منتخب صدر چوہدری اشتیاق حسین نے اپنی ایگزیکٹو باڈی کا اعلان بھی کیا، منتخب ہونے والی ایگزیکٹو باڈی عہدیداران نے عہد کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپ بھر میں پیپلز پارٹی کے استحکام اور اس جماعت کو فعال بنانے کے لئے دن رات محنت کریں گے اور بھٹو خاندان کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو ترقی کے راستوں پر گامزن کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور بے نظیر بھٹو شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔