• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع ٹھٹھہ میں منشیات اور فحاشی کے اڈوں کو 24 گھنٹے میں بند کرایا جائے

ضلع ٹھٹھہ میں منشیات اور فحاشی کے اڈوں کو 24 گھنٹے میں بند کرایا جائے

ٹھٹھہ(نامہ نگار) ضلع کے تمام منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈوں کو 24 گھنٹوں کے اندر اندر بند کرایا جائے،عمل نہ کرنے پر متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کی افسران کو ہدایت تفصیلات کے مطابق ضلعی محکمہ پولیس کا اجلاس ایس ایس پی ٹھٹھہ کیپٹن ریٹائرڈ فیصل عبداللہ چاچڑ کی صدارت میں ایس ایس پی آفس مکلی میں ہوا جس میں ضلع کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور ہیڈ آف برانچز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقے میں پولیس کی پیٹرولنگ اور چوکیوں کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے ڈکیتوں، چوروں، روپوش اور اشتہاری ملزمان کے خلاف بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کارروائی کریں ضلع کے تمام منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈوں کو 24 گھنٹے کے اندر اندر بند کرایا جائے بصورت دیگر متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ افسران اور جوان اپنے فرائض محنت اور ایمانداری سے انجام دیں۔ فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ پولیس آئندہ عام انتخابات میں بالکل غیر جانبداری سے کام لے گی، پولیس اہلکار تمام انتخابی مراحل میں ایمانداری اور دیانتداری سے فرائض انجام دیں، جبکہ اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ نے ٹریفک انچارج کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ ضلع ٹھٹھہ میں منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈے جابجا قائم ہیں جس کے باعث نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے اور مذکورہ اڈوں کا خاتمہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔

تازہ ترین