لوئر دیر،کراچی (نمائندہ جنگ،اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے پشت پر کسی قومی یا بین الاقوامی قوت کا ہاتھ نہیں بلکہ جماعت اسلامی کا مقابلہ ایسے نادیدہ قوتوں کیساتھ ہیں جو ملک میں غیر شرعی و غیر اسلامی ماحول اور حکومت نافذ کرنے کے خواہاں ہیں، ہم نے سیاست کو روزگار سمجھنے والوں کا راستہ روک رکھا ہے ، ملاکنڈ سے دیگر سیاسی جماعتوں کا جنازہ نکال دیں گے ۔ تحصیل ناظم منڈا ہمایوں خان کے حجرہ میں ڈونر کانفرنس اور آبائی گائوں مسکینی میں ضلعی کونسلر احمد شاہ کی سربراہی میں تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں مسلح جنگ کم اور اعصاب و سیاسی جنگ زیادہ ہے اور عالمی طاقتیں مسلمان حکومتوں پر مرضی کی حکومت مسلط کر کے اپنے عزائم اور مقاصد پورا کرنے کیلئے راہ ہموار کرتے ہیں ۔انہوں کہا کہ ہمارے پاس گھومنے کیلئے جہاز اور انتخابی مہم کیلئے اربوں کے وسائل تو موجود نہیں البتہ ایسے کارکنان موجود ہیں جن کے عزائم بہت بڑے اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر 112اور قومی سطح پر انتخابات میں 86امیدوار اتر رہے ہیں اور انشاء اللہ تمام کامیاب ہونگے ۔کانفرس نے سابق ایم پی اے و امیدوار PK16اعزاز الملک افکاری ، ضلعی امیر مولانا اسد اللہ ، تحصیل ثمرباغ کے ناظم سعید احمد باچہ ، تحصیل امیر صاحبزادہ نجم اللہ اور دیگر مشیران نے خطاب کیا اعزاز الملک افکاری نے کہا کہ تحریک کیساتھ دین اسلام کے خدمت کے علاوہ کسی قسم کے مفادات وابستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب جندول کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا تھا اور اب ایسا وقت آ گیا ہے کہ ہر جگہ اسکول کالج ،روڈ اور ترقیاتی کاموں کے انبار لگے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے حریف تحریک کے راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ناکام کوشش کر رہے ہیں تاہم عوام کو پتہ ہے کہ خچر کی سورای کرنے والوں نے برسر اقتدار آکر بنگلے اور گاڑیاں کیسے خریدیں ۔