کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) میجر جنرل احمد محمود حیات کو کراچی میں نومبر کو منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز2018) دفاعی نمائش کے حوالے سے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس حوالے سے ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل احمد محمود حیات سے ملاقات کےدوران کہی۔ ملاقات میں ڈی جی ڈیپو نے وزیراعلیٰ سندھ کو آئیڈیاز ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی، وزیراعلیٰ سندھ نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اپنا ایونٹ ہے ہم بھرپور شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 بہت اہم ہے جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا کے آگے رکھا جاتا ہے اور دفاعی صلاحیت ہی امن کی ضامن ہے۔