• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ اور خورشید شاہ کا گھیرائو،طلال کا لوٹوں سے استقبال

کراچی /لاہور(جنگ نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور خورشید شاہ کا ووٹرز نے گھیرائو کرلیا جبکہ طلال چوہدری کا لوٹوں سے استقبال کیا گیا، تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اپنے حلقے میں ووٹرز نے گھیر لیا جس پر انہیں جان چھڑانا مشکل ہو گئی ،صحافی کے ویڈیو بنانے پر کیمرہ چھیننے کی کوشش بھی کی ،اسی طرح پی پی لیڈر خورشید شاہ پنوں عاقل کے دورے پر گئے جہاں ووٹرز نے ان سے تندو تیز سوالات کیے اور پوچھا کہ 10 سال حکومت میں رہنے کے باوجود آپ نے علاقے کے لیے کیا کیا؟۔نوجوان کے سوال پر خور شید شاہ جواب دینے سے قاصر رہے اور مسکرا کر چل دیئے۔ خورشید شاہ کےبعد اب پیپلزپارٹی کے ایک اور رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی اپنے حلقے سہون پی ایس 80 کے دورے میں ووٹرز کا سامنا کرنا پڑا۔سابق وزیراعلیٰ سندھ اپنی رہائش گاہ واہڑ سے باہر نکلے تو ایک ووٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے لیے کیا کیا؟ میرے والد پیپلزپارٹی کے دیرینہ کارکن ہیں لیکن ہمارے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ووٹر کے سوال پر مراد علی شاہ نے پہلے تو اسے بہلانے پھسلانے کی کوشش کی لیکن ووٹر کےبار بار اصرار پر سابق وزیراعلیٰ نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئےکہ مجھے بھی سنو گے یا نہیں؟ووٹر کو بار بار ٹھنڈا کرنے کی کوشش میں ناکامی پر مراد علی شاہ وہاں سے چل دیئے جب کہ اس موقع پر ایک صحافی ویڈیو بنارہا تھا جسے سابق وزیراعلیٰ نے ویڈیو بنانے سے بھی منع کیا اور اس کے نہ ماننے پر کیمرے پر ہاتھ دے مارا۔
تازہ ترین