• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب نے انٹرپول سے اسحاق ڈار وغیرہ کو لانے کی منظوری دیدی

اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ،حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان لانے کی منظوری دے دی ، نیب آئندہ چند روز میں تینوں ملزمان کے ریڈوارنٹ کے اجراء کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھے گا ،جبکہ لیگی سینیٹر رانا محمود الحسن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دے دی گئی، رانا محمود الحسن کے خلاف نیب لاہور انکوائری کرے گا۔نیب راولپنڈی نے پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کو بھی بدھ کو طلب کیا تھا۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کمپنی، آشیانہ اقبال اسکینڈل اور کرپشن کیسوں میں زیر تفتیش بیوروکریٹس کے گرد شکنجہ تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اورنیب لاہور نے صاف پانی کرپشن کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو 5جولائی کو طلب کیا اور سی سی پی او لاہور کو نوٹس وصول کرانے کیلئے مراسلہ بھیجا ہے۔نیب نے ایس ایچ او کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی طلبی کا نوٹس وصول کروا کر 4جولائی سے پہلے رپورٹ جمع کرائی جائے۔ نیب نے شہباز شریف کی طلبی کا نوٹس ان کی ماڈل ٹائون رہائش گاہ پر وصول کرانے کا حکم دیا،نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سینیٹر اسحاق ڈار کو بیرون ملک سے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین کو بھی نیب ریفرنسز میں بیرون ملک سے گرفتار کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، اس وقت مذکورہ تینوں ملزمان برطانیہ میں ہیں اور نیب تینوں ملزمان کے احتساب عدالت سے الگ الگ دائمی وارنٹ حاصل کرے گا جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری سے متعلق قومی اخبارات میں اشتہار دیا جائے گا۔
تازہ ترین