• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مار کیٹنگ میں بطور کیریئر

یہ بات آپ بخوبی جانتے ہیںکہ کسی بھی کمپنی کی بقا اور اُس کے منافع بخش ہو نے کے لیے لازمی ہے کہ وقتاً فوقتاً اس کی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کی جائے، ورنہ خسارے کی صورت میںکمپنی دیوالیہ بھی ہوسکتی ہے۔کمپنی کو مالیاتی طور پر مضبوط کرنے کے لیے نت نئے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ایسے میںکسی بھی کمپنی میںمارکیٹنگ کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے جو انتھک محنت کرکے اپنی کمپنی کی آمدنی بڑھانے کی کوشش میں لگا رہتا ہے۔

مارکیٹنگ پروسیس کیا ہے ؟

ایسا طریقہ جس سے انفرادی اور مجموعی لوگوں کے متعلق یہ معلومات حاصل کی جائیں کہ ’’ ان کی ضرورت کیا ہے اور وہ کیا چاہتے ہیں، کونسی چیز بنوانا یا خریدنا چاہتے ہیں اور اس کی قیمت کیا ہو؟‘‘ ، تو ایسے عمل کو مارکیٹنگ پروسیس کہتے ہیں ۔ مارکیٹنگ پروسیس چار مراحل پر مشتمل ہے ’’مارکیٹ میں بہترین مواقع کا تجزیہ کرنا ، مارکیٹنگ کی تراکیب تیار کرنا ، مارکیٹنگ کے پروگرام کی منصوبہ بندی کرنا اور مارکیٹ میں ہونے والی کوششوں کو کنٹرول کرنا ‘‘۔ آپ کو کامیاب کاروباری شخصیت بننے کے لیے اپنے حریف اور ماحولیاتی عوامل کے متعلق معلومات رکھنی چاہیے، اگر آپ ان چیزوں سے غافل رہیں گے تو زیادہ دیر مارکیٹ میں نہیں ٹھہر سکیں گے ۔ 

جب بھی کوئی نئی چیز یا سہولت مارکیٹ میں لائیں تو اس کی قیمت کے متعلق محتاط رہیں کہ اس جیسی شے کا مارکیٹ میں کیا ریٹ ہے اور آپ کتنے میں بیچیں تو بہتر ہے ۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ کیا آپ سہولت وقت پر مہیا کررہے ہیں؟کامیاب کمپنیوں ، اداروں اور کاروباری شخصیات کا سب سے بڑا مقصد کسٹمرز کا اطمینان حاصل کرناہے جس کے لیے وہ کسٹمرزکو اچھی اور وعدہ سے بڑھ کر چیزیں فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے کسٹمرز سے ان کااچھا تعلق قائم ہوجاتا ہے ۔ کسٹمرز ، ڈسٹریبیوٹرز ، ڈیلرز اور سپلائرز سے تبادلہ خیال کریں اور اچھے تعلقات بنائیں جس سے مارکیٹ میں آپ کانیٹ ورک مضبوط ہوجائے گا ۔ کوئی بھی چیز بناتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ اس کو استعمال کرنے والا کیاآسانی سے اسے خرید بھی سکے گا؟

مارکیٹنگ فنکشنز میں’’خریدنا، بیچنا، ٹرانسپورٹنگ، اسٹورنگ، اسٹینڈرڈائزنگ اینڈ گریڈنگ، فنانسنگ ، رسک لینا ، مارکیٹنگ کے متعلق معلومات کو محفوظ کرنا شامل ہیں ‘‘۔ ا سٹورنگ سے مراد گوداموں میں مصنوعات کو ذخیرہ کر کے تقسیم کرناہے۔ مصنوعات کے وزن ، سائز ، حالت ، معیار اور مقدار کو کنٹرول کرنا اسٹینڈرڈائزنگ اینڈ گریڈنگ کہلاتا ہے ۔ کوئی نئی چیز مارکیٹ میں متعارف کروانے میں رسک بھی لینا پڑتا ہے کیونکہ اس وقت نئی پروڈکٹ کے کامیاب اور ناکام ہونے کے امکانات برابرہوتے ہیں ۔ کسی بھی ادارے یا کاروباری شخص کو ڈیمانڈ مینجمنٹ پر بھی توجہ دینی چاہیے کیونکہ مارکیٹنگ مینجمنٹ صرف اس بات پر غور نہیں کرتی کہ ڈیمانڈ کس طرح بڑھائی جا ئے بلکہ اس کی بھی فکر کرتی ہے کے اس کو تبدیل یا کم کس طرح کیا جائے۔ 

مثلاََ الیکٹرک کمپنی اشتہار شائع کرتی ہے کہ ’بجلی کی بچت ہماری قومی ذمہ داری ہے‘، حالانکہ جتنی زیادہ بجلی استعمال ہوگی انہیں اتنا زیادہ فائدہ ہو گا ۔ ڈیمانڈ کو کم یا مستقل طور پر ختم کرنے کے عمل کو ڈی مارکیٹنگ کہتے ہیں ۔ ایسی حکمت عملی تیار کریں کہ نہ صرف نئے کسٹمرز متوجہ ہوں بلکہ موجودہ کسٹمرز بھی بر قرار رہیں ۔ کسٹمرزکے ساتھ اس طرح کے تعلقات بنائیں کہ وہ طویل عرصہ آپ کے ساتھ چل سکے اور ہاں !اگر کوئی کسٹمر لین دین کرتے ہوئےناراض ہوجاتا ہے تو ممکن ہے کہ وہ زندگی بھر آپ سے کوئی لین دین نہ کرے اوردوسروں کو بھی منع کرے، اس لیے کوشش کریں کہ کسٹمرزسے اچھے تعلقات قائم رکھیں۔

یہ توتھیں کچھ باتیں جو مارکیٹنگ جاننے والےیا اس میں ڈگری حاصل کرنے والے جانتے ہیں۔ برسوںپہلے جب یہ کورسز یا ڈگریاں نہیں ہوتی تھیں ،تب بھی مارکیٹنگ ہوتی تھی۔ جیسا کہ آغاز میں ذکر ہوا کہ کمپنی کے پھلنے پھولنے میں مارکیٹنگ کابہت بڑا ہاتھ ہوتاہے ، اسی لیے اس مضمون میں مہارت حاصل کرنے اور ڈگری حاصل کرکے آپ کسی بھی اچھی کمپنی میں ریڑھ کی ہڈی بن سکتے ہیںاور اپنے لئے ایک بہتر مستقبل کی آبیاری کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں کئی ادارے ہیں جو مارکیٹنگ میں ایم بی اے کرواتے ہیں ۔ ان اداروں میں داخلہ لینا اورا س کو ازبر کرلینا شاید کچھ مشکل نہ ہو لیکن اگر آپ نے اس شعبےمیں کمال حاصل کرنا ہے تو آپ کو ـ’’ قوت اظہار ‘‘ میں اضافہ کرنا ہوگا۔اگر آپ اپنی باتوں سے دوسروں کو ہم خیال کرنا، بولنا اور لکھنا جانتے ہیں، تو پھر آپ کسی بھی کمپنی کو دنیا بھر میں ایک بحری جہاز کی طرح گول گول گھما سکتے ہیں۔

دنیا میں انہی صلاحیتوں کے سہارے اپنی تشہیرکی جاتی ہےیا عام الفاظ میں کہیں تو خود کو’بیچا‘ جاتا ہے۔ لوگ آپ کی پروڈکٹ کو بعد میں دیکھتے ہیں، پہلے یہ دیکھتے ہیں کہ آپ میں اسے بیچنے کی کتنی صلاحیت موجود ہے۔ اظہار کی قوت، پریزنٹیشن اور پروڈکٹ کی نمائندگی، یہ وہ لوازمات ہیں جن سے ایک کامیاب کیریئرکا آغاز ہوتا ہے۔

تازہ ترین