کراچی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے انتخابی امیدوار کو بلا کر ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ، ملتان میں ہمارے امیدوار رانا اقبال سراج پر تشدد کیا گیا ، تھپڑ مارے گئے اور خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں تاہم ملتان سے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا اقبال سراج نے وضاحت کی ہے کہ جس واقعے کا ذکر کیا جارہا ہے وہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے، آئی ایس آئی نہیں محکمہ زراعت کے عملے نے تشدد کیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ تمام توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف ہے، ایسے اقدامات ملک کے لیے نقصان دہ ہوں گے ، نگراں وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر امیدواروں کو دھمکیوں کا نوٹس لیں ،ملتان میں ہمارے امیدوار کو بلا کر ڈرایا دھمکایا گیا، رانا اقبال سراج کو تھپڑ مارے گئے، رانا اقبال سراج کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ نوا زشریف نے مزید کہا کہ ہم نے غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، ہمارے نمایندوں کی تذلیل کی جارہی ہے،اگردھاندلی ہوئی توطوفان اٹھے گا،جس کوسنبھالنا مشکل ہوگا۔ دوسری جانب ملتان سے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا اقبال سراج نے کہا ہے کہ جس واقعے کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔