• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹڈیجی، بگٹی اور مری قبائل کے دو گر وپوں میں تصادم ، 9؍افراد زخمی

خیرپور(بیورورپورٹ) کوٹ میر محمد کے علاقے سے تاجر اغوا، احمد پور کے قریب نوجوان نے گھریلو تنازعے پر خودکشی کر لی، کوٹ ڈیجی میں بگٹی اور مری قبائل کے دو گر وپوں کے درمیان تصادم میں 9افراد زخمی تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ خیرپور کے علاقے کوٹ میر محمد کے قریب جامڑا ولیج میں ہوا جہاں مسلح افراد تاجر نذیر احمد جامڑو کو اغوا کر کے لے گئے۔ نذیر احمد جامڑو دودھ کا کاروبار کر تا ہے جو موٹر سائیکل پر کوٹ میر محمد سے واپس اپنے گاؤں جامڑا ولیج جا رہاتھا کہ راستے میں مسلح افراد نے اس کو روکا اور اس کو یر غمال بنانے کے بعد اغوا کرکے دریائے سندھ کے جنگلات میں چلے گئے۔ مغوی تاجر کی موٹر سائیکل دریائے سندھ کے بچاؤ بند سے ملی ہے۔ تاجر نذیر احمد کے اغو اپر جامڑا برادری میں تشویش پھیل گئی ہے۔ دریں اثناء احمد پور کے قریب گوٹھ جان محمد جونیجو میں نوجوان مبین جونیجونے گھریلو تنازع پر خود پر بندوق کا فائر کر کے خودکشی کر لی۔ دریں اثناء کوٹ ڈیجی کے قریب ابھن شاہ کے پہاڑی علاقے میں بگٹی اور مری قبائل کے دو گر وپوں کے درمیان مسلح تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 9افراد زخمی ہو گئے زخمیوں میں دوست علی مری،محمد اسلم،گل بہار،خدا بخش اور دیگر شامل ہیں زخمیوں کو تعلقہ اسپتال پہنچایا گیا جہاں 3زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ دونوں گر وپوں میں اشتعال پھیلنے کے باعث دونوں گر وپ مورچہ بند ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین