• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آخری ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی آخری پوزیشن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیمپئنزٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں پاکستان نےآخری اور چھٹی پوزیشن حاصل کر کے قوم کومایوس کردیا، اتوار کو پانچویں چھٹی پوزیشن کے میچ میں بھی پاکستان کو بیلجیم نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہراکر رسوائی کی دلدل میں دھکیل دیا، آسٹریلیا نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پربھارت کو 3- 1سے شکست دے کرٹور نامنٹ جیت لیا، چیمپئنزٹرافی کا آ غاز 1978میں لاہور سے شرو ع ہوا تھا جس کا فاتح میزبان پاکستان تھا جس نے فائنل میں آسٹریلیا کو ہرایا تھا۔اب یہ ٹورنامنٹ ختم کردیا گیا ہے۔آسٹریلیا نے 15 جرمنی نے10، ہالینڈنے8، پاکستان نے3 اور اسپین نے ایک بار یہ ٹرافی اپنے نام کی۔ اتوار کو بریڈا ہالینڈ میں کھیلے جانے والے پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں مقررہ وقت تک میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ شان علی نے پاکستان کو برتری دلائی، جسے بون ٹام نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے چوتھے ہی منٹ میں بیلجیئم کے وان فلورینٹ نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کو 2-1 سے برتری دلا دی۔آخری منٹ میں ارشد توثیق نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کر دیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پنالٹی اسٹروکس ملے، بیلجیئم کی ٹیم2 جبکہ پاکستانی ٹیم صرف ایک گول کر سکی، گرین شرٹس کی جانب سے ارشد توثیق، محمد عمر بھٹہ، شان علی اور شفقت رسول نے پنالٹی شوٹ ضائع کئے، آسٹریلیا اور بھارت کا فائنل بھی ایک، ایک گول سے برابر رہا ،پنالٹی شوٹ آوٹ پر آسٹریلیا نے3۔1سے فتح حاصل کی،ہالینڈ نے ارجنٹائن کو2- 0سے ہراکر برانز میڈل جیتا، آسٹریلیا کے وسکی بہترین کھلاڑی، ارجنٹائن کے گونزلو چھ گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر اور بھارت کے سری جیش بہترین گول کیپر رہے۔
تازہ ترین