کراچی (جنگ نیوز) نگران وزرائے اعلیٰ کے اثاثہ جات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ جیو نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں سب سے زیادہ امیر ہیں جبکہ غریب ترین نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری ہیں۔ سندھ کے نگران وزیراعلیٰ فضل الرحمان کے 13 کروڑ 55 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور انکے پاس پینشن فنڈز کی مد میں 80 لاکھ روپے موجود ہیں۔ دستاویزات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ 400 گرام سونے کے مالک ہیں اور ان کی اہلیہ نے 5 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ سندھ کے پاس نقد رقم 2 لاکھ روپے ہیں اور ان کے بینک بیلنس میں 2 کروڑ 62 لاکھ 86 ہزار سے زائد رقم موجود ہے۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے 5 لاکھ روپے کا فرنیچر ظاہر کیا اور ان کے 7 پلاٹ اپنے اور 3 پلاٹ اہلیہ کے نام پر ہیں جب کہ ان کے پاس 1967 ماڈل کی گاڑی بھی ہے جس کی مالیت 15 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کے اثاثوں کی کل مالیت 48 لاکھ 90 ہزار روپے ہے جن کے کوئٹہ میں گھر کی مالیت 21 لاکھ 60 ہزار، کراچی میں گھر کی مالیت 7 لاکھ روپے اور گوادر میں پلاٹ کی قیمت 14 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔علاؤ الدین مری کے پاس بینک میں ایک لاکھ روپے ہیں اور انہوں نے کاروبار میں سرمایہ کاری 35 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔دستاویزات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے 50 ہزار روپے کا فرنیچر ظاہر کیا ہے۔خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 71 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے، انہوں نے اسلام آباد میں 8 مرلے کے گھر کی مالیت 2 کروڑ 97 لاکھ، اسلام آباد میں 7 مرلے کے پلاٹ کی مالیت 15 لاکھ 25 ہزار اور پشاور میں 2 کنال اراضی کی قیمت 8 لاکھ 63 ہزار سے زائد ظاہر کی ہے۔ اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق دوست محمد خان کے نام پر کوئی گاڑی نہیں، ان کے بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 27 لاکھ 56 ہزار 601 روپے موجود ہیں اور ان کے پاس 35 لاکھ روپے نقد رقم موجود ہے۔پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کے اثاثوں کی کل مالیت 2 کروڑ 4 لاکھ 84 ہزار روپے سے زاِئد ہے اور انہوں نے بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 15 لاکھ 53 ہزار روپے سے زائد رقم ظاہر کی ہے۔ حسن عسکری نے دستاویزات میں 2013 ماڈل کی گاڑی کی مالیت 10 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔