• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے عمرانی معاہدے سے ہی درپیش چیلنجزکا سامنا کیاجاسکتا ہے، حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہاہے کہ نئے عمرانی معاہدے سے ہی درپیش چیلنجزکا سامنا کیاجاسکتا ہے یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہمیں مل جل کرباہمی اتحاد سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے،صوبے بھر میں پارٹی کارکن انتخابی مہم تیز کردیں اور ہماری 5سالہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں۔ حمزہ شہبا زنے اعلان کیا کہ وہ خود بھی لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع کا دورہ کرینگے اورانتخابی مہم میں شریک ہونگے۔ وہ گجرات سے ن لیگی امیدواروں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔این اے 69گجرات سے چوہدری برادرانی کے کزن اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قومی اسمبلی چوہدری مبشر حسین ،پی پی 31سے حاجی عمران ظفر ،سٹی صدر گجرات یوسف ترھنگی ،جنرل سیکرٹری راجہ حبیب الرحمٰن اور گجرات کے میئر و سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود اس موقع پر موجود تھے۔حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستان کو ایسی اہل اور متحرک قیادت کی ضرورت ہے جو قومی مسائل کے حل کے ساتھ ملک کو آگے لے جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ووٹ کی طاقت سے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ 25جولائی کو 2013سے بھی زیادہ بھاری تعداد میں شیرکو ووٹ ڈالیں ۔حمزہ شہبا زنے گجرات سے پارٹی امیدواروں سے کہاکہ ضلع بھر میں مسلم لیگ(ن) کے ناراض کارکنوں کو بھی منائیں اور پارٹی کی طاقت میں اضافے کیلئے عوامی رابطہ مہم تیز کریں ۔دریں اثنا ء مسلم لیگ(ن) ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں حمزہ شہبا زنے پارٹی ورکرز سے ملاقاتیں کیں۔ ان سے لاہور کے مختلف قومی وصوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے امیدواران نے بھی ملاقاتیں کیں اور انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
تازہ ترین