راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) سابق چیف جسٹس سے بدسلوکی کیس میں اڈیالہ جیل میں بند اسلام آبادپولیس کے تین افسروں کی رہائی جمعرات کو ہوگی۔6جون کوسپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بینچ نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخارمحمدچودھری کے ساتھ مشرف دورمیں بدسلوکی کیے جانے کے مقدمہ میں ٹرائل کورٹ کافیصلہ برقراررکھنے کاحکم سنایاتھا۔ ٹرائل کورٹ نے سابق آئی جی پولیس چودھری افتخار اور ایس ایس پی ظفر اقبال کو 15 دن قید اور اس وقت کے ڈی ایس پی جمیل ہاشمی، انسپیکٹر رخسار مہدی اور اے ایس آئی محمد سراج کو ایک ایک ماہ قید کی سزاسنائی تھی۔ان پانچوں پولیس افسروں کوعدالت سے سینٹرل جیل اڈیالہ بھیج دیاگیاتھا جہاں سے چندروزبعد سابق آئی جی پولیس چودھری افتخار اور ایس ایس پی ظفر اقبال کو رہاکردیاگیاجب کہ موٹروے پولیس میں تعینات ایس ایس پی جمیل احمدہاشمی ،ڈی ایس پی بہارہ کہورخسارمہدی اورسب انسپکٹرمحمدسراج کی سزاجمعرات پانچ جولائی کوپوری ہورہی ہے جنہیں اسی روزرہاکردیاجائے گا۔