• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو زبان اور مشاعرے ہماری تہذیب و ثقافت کے آئینہ دار ہیں، ڈاکٹر فاطمہ حسن، بریڈفورڈ میں لٹریچر فیسٹیول

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) انجمن ترقی اردو پاکستان کی معتمد ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہا کہ مشاعرے اور اردو زبان ہماری تہذیب و ثقافت کا آئینہ دار ہیں، کسی بھی قوم کی شناخت اس کی اپنی زبان سے ہوتی ہے، دیارغیر میں اپنی زبان کو زندہ رکھنا درحقیقت اپنی تہذیب اور شناخت کو زندہ رکھنا ہے۔ یارکشائر ادبی فورم جو انجمن ترقی اردو پاکستان کی رفیق بھی ہے عظیم اور خوبصورت گلدستہ ہے جس کے اندر باہمی ہم آہنگی پیار و محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے، یارکشائر ادبی فورم سالہا سال سے مشاعروں اور ادبی پروگراموں کے ذریعے اردو کی ترویج اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بریڈ فورڈ کے لٹریچر فیسٹیول میں یارکشائر ادبی فورم کے ساتویں عالمی مشاعرے کے موقع پر ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کیا۔ یارکشائر ادبی فورم کے مشاعرے میں امریکہ، کینیڈا، فرانس اور پاکستان کے معروف شعرا اور ادبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مشاعرے کی صدارت بھی مشہور شاعرہ ادیبہ ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کی جب نظامت کے فرائض یارکشائر ادبی فورم کے روح رواں اشتیاق میر اور مہ جبین غزل انصاری نے سرانجام دیئے۔ ہمیشہ کی طرح آگرہ مڈ پوائنٹ کے ہال میں سٹیج نے اپنی دلفریب سجاوٹ اور ہلکی موسیقی سے ادبی ماحول کو مزید پررونق بنادیا۔ تقریب کے آغاز میں اردو ادب کے سب سے بڑے مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کے انتقال پرملال پر دعا کے ہمراہ انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر برطانیہ کے معتبر شاعر و استاد پروفیسر عقیل دانش کو یارکشائر ادبی فورم کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ناصرہ زبیری نے یارکشائر ادبی فورم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورم نوجوان نسل کو مشاعروں کے ذریعے اپنی تہذیب و ثقافت سے روشناس کرارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعری کا تعلق شعور سے ہے جب تک اشعار شعور سے نہیں کہے جاتے ان کی حیثیت ایک بیانیے کی طرح ہی ہوتی ہے۔ برطانیہ میں ادبی میلے بلاشبہ اردو ادب اور زبان کی ترویج کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ادبی میلے جہاں قوموں کی ثقافت اجاگر کرتے رہے وہاں کتاب سے بھی رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔ کتاب ہی وہ ہتھیار ہے جو انسان کی تہذیب و ثقافت معاشی سائنسی اور عملی ترقی کی آئینہ دار ہوتی ہے اور انسان کی بہترین دوست ہوتی ہے۔ کتاب انسان کی ذہنی نشوونما میں بھی مثبت کردار ادا کرتی ہے۔ پیرس سے آئی ہوئی شاعرہ سمن شاہ نے کہا کہ ادبی میلوں اور مشاعروں سے نہ صرف اردو زبان اور اردو ادب کو زندگی ملتی ہے بلکہ انسانوں کی سوچ میں شگفتگی شخصیت میں وقار اور اظہار میں وضع داری پیدا کرتی ہے۔ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی بلاشبہ کتاب کی مرہون منت ہے۔ یارکشائر ادبی فورم مبارک باد کا مستحق ہے جس نے تھوڑے ہی عرصے میں اردو ادب اور زبان کو زندہ رکھنے میں قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں، ہم سب کو مل کر اپنی زبان اور ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرے اور ادبی میلے اپنے وطن کی ثقافت سے جوڑے رکھنے کا بھی ذریعہ ہیں۔ یارکشائر ادبی فورم کا مشاعرہ جو کئی گھنٹے جاری رہا جس میں ڈاکٹر خالد جاوید جان، نسیم سید، ریحانہ قمر، نغمانہ کنول، ناصرہ زبیری، فاطمہ حسن عبدالغفور کشفی، اقبال نوید، عقیل دانش، ڈاکٹر اعظم امروہی، گلناز کوثر، سمیعہ ناز، سمن شاہ، فرزانہ خان نینا، ممتاز علی ممتاز، اسد ضیا، شبانہ خان، آغا ذوالفقار، صائمہ اسلم،ضمیرطالب،راشد محمود راشد، ندیم اجمل عدیم، جاوید اقبال ستار، تسنیم حسن، راجو جمیل نے خوب صورت انداز میں اشعار پیش کیے اور شرکا محفل سے خوب داد وصول کی۔ تقریب میں مسز قونصل جنرل نغمانہ احمد نے سابق لارڈ میئر نویدہ اکرام، عقیل دانش اور راجو جمیل کو خصوصی ایوارڈ بھی دیئے۔ تقریب کے آخر میں نوجوان گلوکار اکبر علی نے خوب صورت انداز میں موسیقی پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔ مشاعرے میں ڈاکٹر طارق، ڈاکٹر تسنیم طارق، شبانہ محمود، کونسلر گوہر الماس خان، کونسلر محمد اقبال، طارق بٹ، محمد شفیق کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تازہ ترین