سکھر (بیورو رپورٹ،چوہدری محمد ارشاد) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے ، ملک کو سیاستدان ہی مسائل سے نکال سکتے ہیں، ملک کو انتشار سے بچانے کی ضرورت ہے، الیکشن صاف اور شفاف ہونے چاہئیں، انتخابات میں عوام ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو اکثریت سے کامیاب کرائیں گے، جمہوریت ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے ، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دیں وہ پوری قوم کے سامنے ہیں، آج لوگ آپ سے ووٹ مانگنے آرہے ہیں، نئی نئی باتیں کررہے ہیں، کل جب آپ دکھ تکلیف میں تھے تو یہ لوگ کہاں تھے، سیاستدان اس کو کہتے ہیں کہ جو لوگوں کو تکلیف دیکھ کر خود بھی دکھی ہوجائے، میں این آئی سی وی ڈی اسپتال گیا تو وہاں ایک مریض سے ملا جس کی ہارٹ سرجری ہوئی تھی وہ مجھے دیکھ کر روپڑا کیونکہ این آئی سی وی ڈی اسپتال سے پہلے علاج کے لئے غریب لوگ اپنے زیور اورمویشی فروخت کرتے تھے، آج دل کے اسپتال میں لوگوں کے معائنے سے لے کر ہارٹ سرجری تک مفت علاج ہورہاہے۔