اسلام آباد (اے پی پی) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کی انتخابی مہم تسلی بخش انداز میں جاری ہے، عوام مسلم لیگ (ن) کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور ملک بھر سے مسلم لیگ (ن) کو الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی ملے گی۔ منگل کومیڈیا سے بات چیت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ پانچ سالوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ، عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات ایک کیا۔ بجلی کے منصوبے لگائے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل ہوا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی پانچ سالہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، تعلیم ، صحت ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور عوام اس کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کوکامیابی سے ہمکنار کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 اور اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انشاءاللہ دونوں حلقوں سے وہ کامیاب ہوں گے۔