تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور خان نے اپنے حریف امیدوار چوہدری نثار پر الزامات کی بھرمار کردی اور استفسار کیا کہ ان کی سیاسی مہم کے اخراجات کون برداشت کررہا ہے؟
میڈیا سے گفتگو میں غلام سرور خان نے کہا کہ چوہدری نثار کی انتخابی مہم میں پولیس اور ایلیٹ فورس ان کے ساتھ ہوتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کے ساتھ گزشتہ 35 سال سے سیاسی مخالفت ہے،الیکشن میں قومی اسمبلی کی2نشستوں پرچوہدری نثار میرے مد مقابل ہیں،انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سابق وزیر داخلہ ہمیشہ پاور پالیٹکس کرتے رہے، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں۔ چوہدری نثارکی ساری سیاست تھانہ اور پٹوارخانہ کے گرد گھومتی ہے۔
پی ٹی آئی امیدوار نے استفسار کیا کہ چوہدری نثارکا ذریعہ معاش کیا ہے ؟ان کی سیاسی مہم کے اخراجات کون برداشت کررہا ہے،ان کی مہم راولپنڈی ضلع کے تمام پٹواری چلارہے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ راولپنڈی ضلع میں سابق وزیر داخلہ کی مرضی کے بغیر پٹواری تعینات نہیں ہوئے ، چوہدری نثار کے انکم ٹیکس ریٹرنز اور اثاثوں میں تضاد ہے۔