لندن (اسپورٹس ڈیسک)دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر نے ومبلڈن ٹینس میں دوسرے رائونڈ کا میچ جیت کر نہ صرف نیاریکارڈ بنادیا ہے، بلکہ وہ تیسرے مرحلے میں بھی پہنچ گئے ہیں، عالمی نمبر ون کھلاڑی نے لکاس لیکو کو 6-4 ،6-4اور 6-1 سےہرا دیا۔ 36 سالہ سوئس پلیئر نے ومبلڈن میں مسلسل 24 سیٹس جیتنے کا کارنامہ سر انجام دیا ہے، خواتین میں روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا ٹینس کورٹ میں فتح کا راستہ بھول گئی ہیں، ممنوعہ ادویہ کے استعمال پر معطلی کی سزا کاٹ کر واپس آنے والی روسی ساحرہ مسلسل ناکامیوں سے دوچار ہیں۔ ومبلڈن ٹینس کے پہلے ہی رائونڈ میں انہیں عالمی نمبر 132 کھلاڑی ان کی ہم وطن وٹالیہ نے شکست دیدی۔ مقابلوں کا سب سے حیران کن نتیجہ گزشتہ رات اس وقت سامنے آیا،جب عالمی نمبر ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی دوسرے رائونڈ کا میچ ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں،انہیں روسی کی مکا رووا نے 6-4 ،6-1 اور 7-5 سے ہرادیا،امریکی سیرینا ولیمز نے وکٹوریا ٹیمووا کو ہرا کر تیسری منزل میں قدم رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔برطانیہ کی نمبر 2 کھلاڑی ہیتھر واٹسن کو بھی اپ سیٹ شکست ہوگئی، انہیں بیلجیئم کی کرسٹن فلپ کینز نے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ کیٹی سوان بھی عالمی نمر 29 پلیئر مہالا سے ہار کر رخصت ہوگئیں۔ امریکا کی وینس ولیمز نے دوسرے رائونڈ کا میچ جیت کر پیش قدمی جاری رکھی ،5 مرتبہ کی ومبلڈن چیمپئن نے الیگزنڈرا کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دیدی۔کیرولینا پلسکووا نے سابق عالمی نمبر ون وکٹوریا آزارنکا کو ہرا کر اپنے آپ کو متوقع چیمپئن کی ریس میں شامل کرلیا ہے۔ ورلڈ نمبر ون سیمونا ہالپ نے کرومی نارا کو شکست دیکر اگلے اسٹیج میں قدم رکھ دیئے ہیں ،مردوں کے سنگلز مقابلوں میں نوواک جوکووچ نے بھی کامیاب آغاز کردیا ہے۔