• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھوٹکی کی 6 نشستوں کیلئے 33 سے زائد امیدواران، جوش و خروش عروج پر

اڈھرکی(محمد صادق بھٹی) پاکستان کی 70سالہ تاریخ کے اہم ترین سمجھے جانے والے عام انتخابات کی تیاریاں اورسیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچنے کے ساتھ ساتھ سیاسی کشیدگیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، امیدواران دن اور رات کی تمیز کے بغیر جوش و خروش سے انتخابی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ضلع گھوٹکی کی 2قومی اسمبلی اور 4صوبائی اسمبلی کی کل6سیٹوں کے لئے پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس اور آزاد امیدواروں سمیت 33 امیدوار میدان میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق 2 قومی اور 4 صوبائی نشستوں کیلئے یہاں پر پی پی پی کے سردار خالد احمد خان لوند، ایم ایم اے کے مولانا محمد یوسف مزاری، پی پی پی کےناراض آذاد امیدوار علی نواز چاچڑ اور آزاد امیدوار میاں عبدالحق عرف میاں مٹھو، پی پی پی کے عبدالباری پتافی ، ایم ایم اے کے مولانا تشکیل احمد صدیقی، پی پی پی کے ناراض آزاد امیدوار ہالار خان پتافی جوکہ عبدالباری پتافی کے چھوٹے بھائی ہیں،’’مہر گروپ‘‘ (جس کے پاس 2013میں ضلع گھوٹکی کی قومی اسمبلی 2 اورسندھ اسمبلی کی4میں سے2 سیٹیں تھیں) کے سربراہ سردار علی گوہر خان مہراور فنکشنل لیگ کے نامزد امیدوارمیاں عبدالمالک، سندھ ترقی پسند پارٹی کے امیدوار جام عبدالفتح سمیجو جیسے قدرے مضبوط سمجھے جانے والے ان امیدواران سمیت 33 سے زائد امیدواران انتخابی دنگل میں موجود ہیں۔ 2قومی اور چار صوبائی حلقوں کا حامل 16لاکھ47ہزار239 آبادی رکھنے والاضلع گھوٹکی 5 تحصیلوں، ڈھرکی، اوباڑو، میرپور ماتھیلو ، خان گڑھ اورتحصیل گھوٹکی سٹی پرمشتمل ہے، ضلع بھر میں 68یونین کونسل،4ٹاؤن کمیٹیاں، 2میونسپل کمیٹیاں اور1 ضلع کونسل موجود ہے۔ضلع گھوٹکی میں 7065541رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جس میں سے 399348مرد ووٹرز اور307193خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن کی لئے ضلع بھر میں 592پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جس میں سے کل 100مرد ووٹرز اور100ہی خواتین ووٹرز کے لیئے ہیں جبکہ392پولنگ اسٹیشن مرد و خواتین کیلئے مشترکہ طور پر ایک ہی بلڈنگ میں قائم کیئے جائیں گے۔ مردوں کیلئے 921 جبکہ خواتین کیلئے 730 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔این اے 204 گھوٹکی ون تحصیل اوباڑو۔تحصیل ڈھرکی اور تحصیل میرپور ماتھیلو کی یونین کونسلوں پر محیط ہے۔یہاں کل 366842رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جس میں سے 207507مرد ووٹرز اور 159335 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔اس حلقہ میں 303پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

تازہ ترین