چارسدہ (نمائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے بھا شا اور مہمند ڈیم بنانے کے اعلان کا خیر مقدم کر تے ہیں۔ چیف جسٹس کی چندہ مہم میں اپنے بساط کے مطابق چندہ ڈالیں گے ۔ مہمند اور بھا شا ڈیم کا مطالبہ اے این پی کا دیرینہ مطالبہ تھا] کپتان کے ساتھ دوسری جماعتوں کے شامل ہونے والوں کو لوٹا کہنا لوٹے کی بے عزتی ہے،25جولائی کو بلا دریا برد کردیں گے ۔تحریک انصاف اس وقت تحریک سیاسی مہاجرین بن چکی ہے ۔ کپتان کے ساتھ دیگر جماعتوں کے شامل ہونے والوں کو لوٹا کہنا لوٹے کی بے عزتی ہے ۔ بنوں میں عمران خان کا استقبال گندے ٹماٹروں سے کیا گیا ۔ کراچی میں لوگوں نے ان کے خلا ف بلے اٹھائے ۔ وہ عمر زئی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پی کے 58کے امید وار شکیل بشیر خان عمر زئی اور پارٹی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے اسفندیار ولی نے کہا کہ کہ بد قسمتی یہ ہے کہ ہر 5سال بعد مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق کو اسلام یاد آجا تا ہے مگر حکومت میں شامل ہونے کے بعد وہ اسلام بھول جاتے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان نے دورہ چین کے دوران نوا ز شریف کو فون کرکے پارلیمنٹ سے فاٹا انضمام بل رکوایا مگر نفاذ اسلام کیلئے کھبی مطالبہ نہیں کیا ۔