لاہور (وقائع نگار خصوصی )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہاہے کہ برسوں تک عوام کو کنٹینرپر چڑھانے، احتجاجی سیاست کرنے اور کے پی کے کو برباد کرنے والے عمران خان کو جھوٹوں کا ورلڈکپ ملنا چاہیے ۔حمزہ شہباز نے این اے 124او رپی پی 147میں چوک ناخدا میں ہونے والے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اور آصف زرداری دونوں کا حال 25جولائی کو انتہائی بھیانک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کہ گذشتہ دور اقتدار میں پنجاب میں ہونے والی ترقی او رشہباز شریف کی عوامی خدمت کی سپیڈ کا کسی دوسرے صوبے یاکسی اور حکومت سے کوئی موازنہ نہیں ،اب عوام ان کے بہکاوے میں ہرگز نہیں آئیں گے۔حمزہ شہباز نے این اے 130او رپی پی 159میں حالی روڈ پر مسلم لیگی کارکنوں کے بڑی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے کہاکہ وہ کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور پوری تندہی کے ساتھ مسلم لیگ(ن)کی انتخابی مہم میں شریک ہوں۔