ٹھٹھہ(نامہ نگار) ٹھٹھہ میں کوئیک رسپانس فورس قائم کردی گئی ہے، کسی بھی واقعہ کی صورت میں فوری طور پر پولیس اہلکار رسپانس کریں گے، یہ فورس 80 اہلکاروں پر مشتمل ہے، اے ایس آئی کی نگرانی میں کام کرے گی۔ یہ بات ایس ایس پی فیصل عبداللہ نے چارج سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ان اہلکاروں کے پاس موٹر سائیکلیں اور وائر لیس سسٹم موجود ہے اور یہ شہر کے نو مقامات پر تعینات ہونگے۔ ایس ایس پی فیصل عبداللہ نے کہا کہ ان کی ذمہ داری فری اینڈ فیئر الیکشن کرانا ہے اور اس دوران امن و امان کی صورتحال کو معمول پر رکھنا ہے اس لیے سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، 1500- پولیس اہلکار انتخاب کے دوران ڈیوٹی سرانجام دیں گے اس کے علاوہ ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کی تعداد پندرہ اور حساس پولنگ اسٹیشن 16 ہیں جبکہ ٹوٹل پولنگ اسٹیشن 391 ہیں پولیس اہلکاروں کے علاوہ آرمی کے جوان بھی تعینات ہونگے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر دو دن قبل کلوز سرکٹ کیمرے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ریلی کے لیے اجازت لی گئی تھی اور انہوں نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ہے انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع میں پیپلز پارٹی کی جانب سے 198، تحریک انصاف کی جانب سے 68 اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے 42 بار ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس کی رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔