لاہور (وقائع نگار خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر نواز شریف کو پاکستان کو ترقی دینے اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی سزا دی گئی عوام اس فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کر دینگے اور 25جولائی کو شیر پر مہر لگا کر اپنا وہ فیصلہ دینگے جس سے ایک مرتبہ پھر ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا ، انہوں نے کہا کہ ہم یہ سفر رکنے نہیں دینگے اور تمام تر سازشوں کے باوجود نواز شریف ہی جیتے گا ،شاہدرہ این اے123میں ملک ریاض کے حلقے میں ورکرز کنونشن اور این اے133میں پرویز ملک کے حلقے میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کسی خوش فہمی میں نہ رہیں اُن کے حصے میں2018میں بھی کچھ نہیں آئے گا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم ڈرنے اور رکنے والے نہیں ۔ حمزہ شہباز نے سیاسی مخالفین کو چیلنج کیا کہ لاہور کی قومی و صوبائی اسمبلی کی ہر سیٹ پر 2013کے مقابلے میں شیر کی جیت کا فرق دو گنا ہو گا اور پی ٹی آئی کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے امیدواران کلین سویپ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام لاہور سے پی ٹی آئی کو ملنے والی اکلوتی نشست بھی واپس چھینیں گے اور فتح کا تاج مسلم لیگ ن کے سر ہو گا ،حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ہی عوام کے خوابوں کی اصل تعبیر ہیں ۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے عدالتی فیصلے کے خلاف اور مسلم لیگی قیادت کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔