• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سب کا ایک ہی سوال کیسے کریں ’’رنگ گورا‘‘

گورا رنگ اور صاف وشفاف خوبصورت جلد ہر عورت کا خواب ہوتی ہے۔اس کے لیے ضروری نہیں ہےکہ آپ مہنگی مہنگی کریم لگائیں یا برانڈڈ کاسمیٹکس کااستعمال کریں تب جاکرآپ کی یہ خواہش پایہ تکمیل کو پہنچے ۔گوری رنگت پانے کاآپ کا یہ خواب کچن میں موجود کچھ ضروری اشیاء سے بھی پورا ہوسکتا ہے، یہ وہ اشیاء ہیںجن کااستعمال روزمرہ کھانوں میں لازمی سمجھا جاتا ہے ۔ رنگ گورا کرنے کے لیے اگر قدرتی چیزوں کا استعمال کیاجائے تو نہ صرف آپ مستقل طور پرگورا پن حاصل کرپاتی ہیں بلکہ ان کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ بھی نہیں ہوتا اورآپ کا چہرہ جھریوں کے اثرات سے بھی محفوظ رہتا ہے۔ آج ہم اپنے قارئین سے گھرمیں موجود قدرتی اشیاء کے ذریعے بنائے جانے والے فیس پیک کی معلومات شیئر کررہے ہیں، جو آپ کا رنگ گوراکرنے کاخواب بنا کسی سائیڈایفیکٹ کےچمکتی جلدکے ساتھ بخوبی پورا کرسکتے ہیں۔ آئیےجانتے ہیں وہ کون سے فیس پیک ہیں لیکن اس سے پہلے یہ کچھ مزید باتیں جاننا ضروری ہیں۔

شہد اور دودھ

جلد کی رنگت گوری کرنے کے لیے بھلاشہد اور دودھ سے بہتر بھی کچھ ہوسکتا ہے!شہد ایک زبردست اینٹی آکسیڈنٹ ہے، اس کی جراثیم کش خصوصیات جلد کو شفاف اور بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔ قدرتی طور پردودھ میںموجود ایلفا ہائیڈروآکسل ایسڈ (اے ایچ اے) کی بڑی مقدار کے باعث مہنگی کاسمیٹکس میں اس کا استعمال کیاجاتا ہے۔ دنیا کی خوبصورت خاتون، مصر کی قلوپطرہ، بھی غسل کے پانی میں شہد اور دودھ کا استعمال کیا کرتی تھی۔ رنگ گورا کرنے کے لیے ایک چمچ شہد اور ایک ہی چمچ دودھ لے کر اچھی طرح مکس کرلیں، پھراپنے چہرے کواچھی طرح صاف کرنے کے بعداس قدرتی فیس پیک کوچہرے پرلگائیں اور دو منٹ تک مساج کرتی رہیں۔15 سے بیس منٹ تک کے لیے اپنے چہرے کوایسے ہی چھوڑدیں اور پھر چہرہ دھولیں۔ یہ فیس پیک چند ہی دنوں میں آپ کی گوری رنگت کا باعث بن جائے گا۔

گہری رنگت کیوں ہوتی ہے ؟

قدرتی طور پر گہری رنگت والی خواتین سے زیادہ اکثرگوری رنگت والی خواتین رنگ کالا ہوجانے کے باعث پریشان نظر آتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ رنگ کالا کیوں پڑتاہے؟مرجھائی ،تھکی تھکی اور گہری رنگت کی وجہ آکسیجن اور جسم میں خون کی کمی ہے۔دھول مٹی اور ہوا میںپھیلی آلودگی،سورج سے نکلنے والی شعاعیں،غیرمناسب غذااور ذہنی دباؤ جلد کی رنگت گہری اور تازگی دور کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ گھرمیں بنے قدرتی فیس پیک کےذریعےاور ان وجوہات پر غورکرکے اپنےطرز زندگی میںمختلف تبدیلیاں لاکر گورے رنگ کا خواب پورا کیا جاسکتاہے۔

چاول کا پاؤڈر اور دودھ

چاول طویل عرصے سے جلد کی رنگت نکھارنے کیلئے مفید ثابت ہورہاہے۔ جدید سائنس نے بھی اس عمل کی تصدیق کی ہے کہ چاول کا پاؤڈر جلد کی رنگت بہتر بنانے میں معاون ہے۔ چاول کا پاؤڈر قدرتی طور پر جلد کو سورج کی کرنوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا ماسک بنانے کا طریقہ نہایت سادہ سا ہے۔ پیسٹ بنانے کے لیےایک کپ چاول کے پاؤڈرمیں دودھ اور گرم پانی ملائیں۔ پیسٹ بنانےکے بعد چہرے پر لگائیں، 20سے 30 منٹ تک اسےلگا رہنے دیں اورپھرگرم پانی سے دھو لیں۔ یہ عمل ہفتے میں 2 سے 3 بار دہرائیں۔

ضروری بات

کسی بھی قسم کا فیس پیک استعمال کرنے سے قبل اس بات کا اچھی طرح اطمینان کر لیں کہ آپ نے اپنی جلد کو دھو کر صاف ستھرا کرنےکے بعد کلینزنگ اور ٹوننگ کے ذریعے اسے گردوغباراور دیگر کثافتوں سے پاک کر لیا ہے، کیو نکہ گرد آلود جلدفیس پیک میں موجود قدرتی حسن بخش اجزاء کوجذب کرنے سے قاصر رہتی ہے۔

آلو اور لیموں سے تیار فیس پیک

اگر آپ جلد کی رنگت نکھارنا چاہتی ہیں تو آلواور لیموں کی مددسے فیس پیک تیارکرکے لگائیں۔ آلو میں رنگ کوگورا کرنے کی قدرتی خصوصیات موجود ہیں، یہ سستا ہونے کے ساتھ بآسانی دستیاب بھی ہوتا ہے۔ آلواور لیموں کا فیس پیک بنانے کے لیے پہلے آلو کا جوس نکال لیں، پھراس جوس میں ایک لیموں کا عرق ملاکر چہرے پر لگائیں اور 20منٹ بعداپناچہرہ صاف پانی سےدھولیں۔

کیلے اور روغن بادام سے تیار فیس پیک

بادام چہرے کے کیل مہاسے،داغ دھبے، جھائیاںاورکھردرا پن دور کرتا ہےجبکہ کیلا وٹامن اے ،بی اور دیگر غذائی اجزاء سے بھرپور ہونے کے سبب رنگت نکھارنے کے لیے بہترین ہے۔ ایک کیلے کو کچل کر اس میں ایک چائے کا چمچ روغن بادام اچھی طرح سےملائیں اور پھرچہرےپر لگالیں، اسے 20منٹ کے لیے لگارہنے دیں۔ یہ ماسک جلد کی نمی برقرا رکھنے کے ساتھ ساتھ تازگی اور چمک بھی پیدا کرے گا۔

تازہ ترین