لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک بے لاگ احتساب نہ ہوگا کرپشن ختم نہیں ہوگی۔ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں ۔ظلم و جبر کے شکار عوام خاموشی سے ظلم سہتے رہے تو ان کی آئندہ نسلیں بھی دو وقت کی روٹی ،تعلیم صحت اور روز گار کیلئے ترستی رہیں گی ۔ بلوچستان کو حقوق دینے کے دعویدار ہی عوام کی محرومیوں کے ذمہ دار ہیں ۔ تعلیم ، صحت اور بنیادی ضروریات زندگی کی عوام کو فراہمی کی طرف کوئی توجہ نہیں۔ ظالم وڈیرے اورسردار جو ہمیشہ اقتدار کے ایوانوں اور قومی اداروں پر قابض رہے ہیں ، اپنے مفادات سمیٹے ہیں اورعوام کے مسائل حل کرنے سے دانستہ چشم پوشی کرتے ہیں ۔ انہیں تعلیم سے محروم رکھا تاکہ وہ ان پڑھ رہ کر ان کی غلامی کرتے رہیں ، پڑھ لکھ کر ترقی نہ کرسکیں ۔پاکستان کو کسی بیرونی دشمن سے زیادہ اندر کے دشمنوں سے خطرہ ہے ،اقتدار میں رہنے والوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ اور عوام کو دھوکہ دیا۔ظلم و استحصال کے نظام کو خاموشی سے برداشت کیے جانا اور اس کے خلاف بغاوت نہ کرنا ظالموں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے ۔بلوچستان کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے مگر سب سے زیادہ محرومیوں کا شکار بھی یہی صوبہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ الہ یار خان میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔