گوجرانوالہ، حاصل پور (نمائندہ جنگ،این این آئی) گوجرانوالہ میں سابق وفاقی وزیر اوراین اے 82میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عثمان ابراہیم جبکہ حاصل پورمیں سابق وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ کو ووٹرز نے گھیرلیااور سوالات کی بوچھاڑ کردی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالا میں ووٹرز نے این اے 82میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عثمان ابراہیم کا بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج کیا اوران کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ’ووٹر کو عزت دو ‘اور عثمان ابراہیم کا بائیکاٹ کے نعرے درج تھے ، بعدازاں مظاہرین احتجاج ریکارڈ کروا کر منتشر ہو گئے ۔ادھر حاصل پورمیں سابق وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ کو حلقے کے ووٹرز کے نرغے میں آگئے۔ انتخابی مہم سے خطاب کے دوران ایک نوجوان نے ان کی تقریر روکتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ 5 سال کا حساب دیں،آپ وزیر کھیل رہے ہیں حاصل پور کیلئے کچھ بھی نہیں کیا،آپ نے ابھی تک شہر میں کھیل کا گرائونڈ نہیں دیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حاصلپور میں حکومت کی جگہ ہو گی تو گرائونڈ دیں گے،آپ لوگوں کی محبت میں یہاں آتے ہیں۔ ووٹر زنے ریاض پیرزادہ کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن کے دنوں میں محبت کرتے ہیں ،آپ الیکشن کے دنوں میں آتے ہیں اس سے پہلے آپ کو محبت یاد نہیں آتی۔