• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، مریم ، صفدر کو سزاکیخلاف لیگی کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے

لاہور، بورے والا( لیڈی رپورٹر، خبر نگار) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو نیب عدالت کی طرف سے سزا کے فیصلے کے خلاف کارکنوں احتجاج کیا،کارکنوں نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ لاہور پریس کلب کے سامنے لیگی خواتین کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مطاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنمائوں نے کہا کہ سزا ایک طے شدہ فیصلہ ہے جس کو جمہوریت پسند قوتیں تسلیم نہیں کرتیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج لیگی خواتین مظاہرین نے عدالت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتوں کے یکطرفہ فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتے ۔ پاکستان میں ایک ہی خاندان کا احتساب قوم میں شکوک و شبہات پیدا کررہا ہے۔ایسے دوہرے معیار سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد ختم ہو رہا ہے۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خواتین یوتھ ونگ لاہو رکی صدر ساجدہ وسیم ملک ،نرگس متین اور نبیلہ یاسمین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی خواتین میاں نواز شریف اور ان کے بیٹی کو سزا دینے کےخلا ف بھرپور احتجاج کرتی ہیں۔ہم اس فیصلے کو نہیں مانتے۔پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے رہنمااور ان کے خاندان کے ساتھ ایسا نارواسلوک عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا باعث ہے۔لہٰذا ہم سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فیصلے پر فوری نظرثانی کرےاور اس فیصلے کو فوری واپس لیا جائے۔ ادھربورے والا میں بھی ن لیگ کے سابق ممبر قومی اسمبلی اور امیدواران صوبائی اسمبلی چوہدری محمد یوسف کسیلہ اور سردار خالد محمود ڈوگر اور لیگی عہدیداروں اور کارکنوں نے نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزا کے خلاف بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے چوہدری یوسف کسیلہ اور سردار خالد ڈوگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف 3مرتبہ وزیر اعظم رہ چکے ہیں انہیں،ان کی بیٹی اوردامادکو سزا ایک طے شدہ فیصلہ ہے جس کو جمہوریت پسند قوتیں تسلیم نہیں کرتیں اور نہ ہی ہم اس کو تسلیم کرتے ہیں اور اس فیصلہ کے خلاف پر امن احتجاج کریں گے۔اور 25جولائی کو عوام مسلم لیگ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر اس فیصلے کو مسترد کر دیں گے یہی عوامی عدالت کے فیصلے ہوتے ہیں ۔ظلم اور جبر کے فیصلے کوئی نہیں مانتا ۔ اس موقع پر سردار شہزاد احمد ڈوگر ،سردار ظہور احمد ڈوگر ،لیاقت ڈوگر ،اسلم جمال ،منظور برکت ماڑی والا ،ڈاکٹر رضوان سلیمی ،شاہد نواب ،ڈاکٹر طلحہ پرویز ،میاں ممتاز لنگاہ ،حاجی ملک محمد حنیف ،شیخ فیصل ،فیصل منیر ڈوگر ،آصف قریشی ،بشیر احمد فاروقی ،غلام حیدر قریشی ،محمد شاہد ،قربان عرف لکی کے علاوہ مسلم لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
تازہ ترین