اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی نے کہا ہے کہ رحیم یار خان سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں نون لیگی غنڈوں کی کارروائیاں برداشت سے باہر ہیں۔ رحیم یار خان میں نون لیگی امیدوار راجہ عرفان ریاض نے ہمارے کارکن رانا جاوید پر حملہ کیا۔ تحریک انصاف کی حمایت پر نون لیگی ’’ʼگلو‘‘ نے رانا جاوید کی انگلیاں کاٹیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران حکومت واقعے کا فوری نوٹس لے اور راجہ عرفان کوفوری گرفتار کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثناء افتخار درانی نے ایک بیان میں راولپنڈی کی سڑکوں پر عدالت سے سزا یافتہ شخص کی جانب سے برپا کئے جانے والے تماشے پر نگراں حکومت اور پنجاب پولیس پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں عدالت سے سزا یافتہ بھرے بازار میں اس قسم کا تماشا نہیں لگا سکتا۔ پولیس اور انتظامیہ اسے گرفتار کرنے کی بجائے تماش بینی میں مصروف ہیں۔ افتخار درانی نے کہا کہ ادارے کب تک اس قسم کے تماشوں کے ذریعے آئین و قانون کا مذاق اڑانے کی اجازت دیتے رہیں گے۔