مری ( نیوز ڈیسک) روزنامہ جنگ کلچرل ونگ اور الائیڈ اسکولز (پروجیکٹ آف پنجاب گروپ آف کالجز) کے زیراہتمام بچوں کےلئے تفریحی معلوماتی اور مختلف مقابلوں پر مبنی پروگرام ʼʼکڈز ایکسپو2018"ملکہ کوہسار میں واقع مری آرٹس کونسل میں منعقد ہوااس دو روزہ کڈزایکسپومیں ہزاروں بچوں،طلبہ وطالبات، والدین اور خواتین وحضرات کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ مری آرٹس کونسل کو پنجاب کے ثقافتی رنگوں کے مطابق سجایاگیاتھاکڈز ایکسپو میں ایک جانب بچوں کے والدین اور فیملیزنے بھی مقابلوں میں حصہ لیا تودوسری جانب بچے ملی نغموں ،فیس پینٹنگ ،آرٹ کمپیٹیشن کے علاوہ میجک ،پپٹ شو اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔پینٹنگ ،کوئز مقابلوں کے علاوہ بچوں کیلئے فری کونسلنگ ،جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ابتدائی تعلیم کے متعلق پرسنلٹی گرومنگ ایجوکیشن کے حوالہ سے بھی بذریعہ ملٹی میڈیاآگاہی دی گئی ۔کڈز ایکسپو میں خاص طورپر بچوں کے لئے فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا جہاں پر الائیڈا سکولز کے ماہر ڈاکٹرز نے بچوں کا فری چیک اپ کیا اور مفید مشورے دیئے۔بچوں کے مابین ملی نغموں کے مقابلے بھی ہوئے جس میں بچوں نے پاکستان سے محبت کا اظہارخوبصورت ملی نغمے پیش کر کے کیا۔کڈز ایکسپو میں کارٹون کریکٹرز،کلاؤنز،جوکرز ،ٹال مین نے بچوں کو اپنے منفرد انداز سے محظوظ کئے رکھا۔ فینسی ڈریس شو میں بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ننھے بچے خوبصورت رنگے برنگے کپڑے پہنے سٹیج پر موجودحاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔مقابلہ صحت مند بچہ میں بھی بچوں نے بھرپور حصہ لیا اور انعامات حاصل کئے۔اس دوران کمپیئروکامیڈین عاصم صدیقی اور زوہیب اظہر نے اپنی دلچسپ گفتگو سے حاضرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں ۔ شہزاد ارشد بادی نے جادو کے حیرت انگیز کمالات دکھا کر بچوں وبڑوںکو حیران کر دیا پپٹ شو میں بچوں کیلئے مزاحیہ کہانی پیش کی گئی جسے بچوں نے بے حد پسند کیا ۔کوئز کمپیٹیشن میں بچوں اورفیملیزسے جنرل نالج کے سوالات پوچھے گئے۔