لاہور (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام دوست اور دشمنی کا فرق جا ن چکے ہیں او ر تمام تر پراپیگنڈہ کے باوجود دوبارہ نواز شریف ہی کامیاب ہوں گے اور عمران خان مایوس لوٹیں گے ،عوام25جولائی کو ایک اور محفوظ فیصلہ سنائیں گے جس میں جیت شیر کی ہی ہو گی اور قوم کو محض نعروں اور وعدوں پر بہلانے والوں کی سیاست کو بحیرئہ عرب میں پھینک د یگی ، حمزہ شہبازنے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت عظمیٰ کیا نیازی صاحب کو عوام کہیں گھاس نہیں ڈالیں گے اور انہیں 2018کے الیکشن میں بھی کچھ نہیں ملے گا ، قوم جانتی ہے کہ کس نے اُن کی خدمت کی اور کس نے بلین ٹری کے نام پر اربوں کا گھپلا کیا اور قوم کو بے وقو ف بنایا ، اسی طرح لاہور اور پنجاب کی میٹرو بس پر تنقید کرنے والے نے سارا پشاور شہر اسی منصوبے کے نام پر اکھاڑ کر رکھ دیا اور جب کے پی کے میں ڈینگی آیا تو یہی نیازی صاحب پہاڑوں پر چڑھ دوڑے ،حمزہ شہبازنے کہا کہ ایک میگا واٹ بجلی پیدا نہ کر پانے والے کس منہ سے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہیں جنہوں نے ریکارڈ منصوبے مکمل کیے ،بجلی پیدا کی اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا ۔