ملتان (سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی انتظامات بہتر کرنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا آغاز کردیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روزاسسٹنٹ کمشنر صدر قاضی منصور احمد نے تحصیل صدر کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتظامات چیک کئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے ۔ تمام حساس پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے، واک تھروگیٹس اور خاردار تاروں سمیت دیگرانتظامات کئے جائیں گے، اسسٹنٹ کمشنر صدر قاضی منصور احمد نے مزید کہا کہ تحصیل صدر کے علاقوں میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کرانے کے لئے امیدواروں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اور درجنوں ہورڈنگ بورڈز اور تشہیری بورڈ بھی قبضے میں لئے گئے ہیں، بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر صدر نے تحصیل صدر کے مختلف واٹر پیوریفکیشن پلانٹس اور رورل ہیلتھ سنٹرز کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو طلب کر کے فوری انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی،ادھر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرنےبیلٹ پیپرز وصول کرنے کے لئے سول جج محمد عمران کوذمہ داری تفویض کردی ہے،اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اورمتعلقہ اداروں کوبھی آگاہ کردیاگیاہے کہ فاضل جج الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ پیپرز وصول کرکے متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کوپہنچائیں گے۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کےاحکامات پر شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پرغلط پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کے خلاف درخواستیں منظورکرکےحلقہ این اے 158 اور پی پی 219 کے دو پولنگ سٹیشنز کی جگہ تبدیل کر دی گئی ہےجس پر عمل درآمد کردیاگیاہے۔