• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، زرداری ملے ہوئے ہیں، باپ بیٹی کرپشن کا عالمی کپ لارہے ہیں، راستے میں کھڑا ہوں، عمران خان

الپوری،بونیر ( نمائند گان جنگ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے نوازشریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاریاں ایسے کررہے ہیں جیسے باپ بیٹی ورلڈکپ جیت کرآرہے ہوں ، باپ اور بیٹی کرپشن کا عالمی کپ لارہے ہیں ، میں ان کے راستے میں کھڑا ہوں ، نواز شریف اور زرداری ملے ہوئے ہیں ، قوم کا 300؍ ارب لوٹ کر باہر لے جانے والوں کو معاف نہیں کریں گے ۔ بشام شانگلہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ سنا ہے نواز شریف اور ان کی بیٹی دھوم دھام سےجمعے کو واپس آرہے ہیں، (ن) لیگ والے استقبال کی تیاری ایسے کررہے ہیں جیسے باپ بیٹی ورلڈکپ جیت کرآرہے ہیں، باپ بیٹی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کے راستے میں کھڑے ہوں گے، قوم کا 300 ارب روپیہ چوری کرکے باہر لے کرگئے ہیں، نواز شریف کس منہ سے لاہور آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں جانے کے بجائے ڈاکو اسمبلیوں میں جاتے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والے دندناتے پھررہے ہیں تو چھوٹے چوروں کو جیلوں میں کیوں رکھا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ چوروں کے گاڈ فادر نواز شریف اور آصف زرداری آپس میں ملے ہوئے ہیں، یہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، نواز شریف دھاندلی میں پھنسے تو آصف زرداری نے ان کی مدد کی۔عمران خان نے کہاکہ زرداری پر بھی اب بڑا منی لانڈرنگ کا کیس کھل گیا ہے، میں تو بہت دیر سے انتظار کررہا ہوں ایک ہی گیند سے زرداری اور نواز کی وکٹیں لوں۔ بونیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آنے والا الیکشن ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے ہے ،عوام رشتہ داریوں کی بجائے نظریہ کو ووٹ دیں ،ملک کے بڑے ڈاکو نواز شریف کے بعد اب زرداری کی نمبر ہے ،فضل الرحمان کی مثال مقناطیس کی ہے جو ہرحکومت کے ساتھ چپک جاتاہے ،اے این پی کے قائد اسفندیار ولی سے پوچھتاہوں کہ عوام انہیں ایزی لوڈ والا کیوں کہتے ہیں؟ملک میں اصل اور حقیقی تبدیلی پی ٹی آئی ہی لائےگی ،عوام 25جون کو بلے کے نشان پر مہر لگاکر ملک کی تقدیر بدلنے میں میرا ساتھ دیں ۔جلسہ سے بحراد خان، تحریک انصاف کے صدر اور پی کے 20 کے امیدوار ریاض خان ،پی کے 21امیدوارسید فخر جہان باچا ،پی کے 22امیدوارکبیر خان ایڈوکیٹ اور این اے 9 کے امیدوار شیراکبر خان ایڈوکیٹ کے علاوہ ڈویژنل صدر محمود خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔عمران خان نے کہاکہ 25جولائی کو عوام اپنی ترقی اور خوشحالی کی راہ کا چنائوکریں گے ، انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے بعد اب زرداری اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں 60سالوں کے دوران ملک پر قرضوں کا بوجھ 6 ہزار ارب روپے تھا جبکہ دس سالوں کے دوران یہ بوجھ 27 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ،چیئر مین عمران خان نے کہا کہ بونیر میں جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن اتحاد عجیب ہے ۔نواز شریف اور آصف زرداری نے اس ملک کو لوٹا ہے اور ان کے بچے ارب پتی ہیں ۔مگر پاکستان کے عام شہری قرضوں تلے ڈوبے ہوئے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ امیرمقام نوازشریف کا بغل بچہ ہے، امیرمقام جیسے لوگوں کو ہم 25جولائی کو شکست دیں گے۔
تازہ ترین