• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج اورالزامات کی سیاست دم توڑ چکی ہے،حمزہ شہباز

لاہور(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہاہے کہ تین مرتبہ کی کوشش کے باوجود لاہور میں اندرون شہر کا دورہ نہ کرپانے والے عمران خان اور ان کے حواری کیا ووٹ حاصل کرینگے ماضی کی طرح عوام ڈگڈگی تماشہ کرنے والوں کا ساتھ نہیںدینگے 5برسوں کی احتجاجی او رالزامات کی سیاست دم توڑ چکی ہے ملک میں افراتفری اور ہنگاموں کی سازشیں کرنے والوں کو دوبارہ منہ کی کھانی پڑیگی، لوہاری چوک میں این اے 124اور پی پی 146 کی ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ نام نہادتبدیلی کے نام پر پنجاب کی ترقی کے دشمنوں کا ایجنڈہ سارے ملک کو برباد کرنا ہے جس کی ایک جھلک خیبر پختونخواہ کے عوام گزشتہ 5برسوں میں دیکھ چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے2013میں حاصل ہونے والے مینڈیٹ کو برباد کیا انہوں نے کہاکہ ہم لاہور کو صوبے بھر اور پنجاب کو سارے ملک کیلئے ترقی کا رول ماڈل سمجھتے ہیں حمزہ شہبا زنے کہاکہ صرف این اے 124اور پی پی 146اور 147مسلم لیگ(ن)کے حلقے ہی نہیں سارا شہر لاہور مسلم لیگ (ن)کا ناقابل تسخیر قلعہ ہے اورپی ٹی آئی اپنی جیتی ہوئی اکلوتی نشت بھی برقرار نہیں رکھ سکے گی اور مسلم لیگ(ن) مکمل کلین سویپ کریگی ۔حمزہ شہبا زنے مسلم لیگی کارکنوں سے کہاکہ وہ ایک ایک ووٹر تک اپنی رسائی کو یقنی بنائیں اور انہیں مسلم لیگ(ن)کا ترقی و خوشحالی کا پیغام ہر حال میں پہنچائیں ۔انہوں نے خواتین کارکنوں کو بھی گھر گھر جانے اور پارٹی کی انتخابی مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ۔اس موقع پر مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے حمزہ شہباز کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اوران کے حق میں زبر دست نعرے بازی کرتے رہے پارٹی ورکر ز ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے خوشی کا اظہار کرتے رہے ۔حمزہ شہباز نے کارکنوں کے جوش و جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہی کارکن ہمارا صل اثاثہ ہیں اور پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور انشاء اللہ 25جولائی کو شیر کی کامیابی میں یہی کارکن اہم کردارادا کرینگے۔
تازہ ترین