لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نکالا نہیں جا سکتا۔ اس امر کا ثبوت 13جولائی کو ان کی آمد پر بھرپور استقبال سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 100سے زیادہ پیشیاں بھگتنے کے باوجود کرپشن کا کوئی الزام عائد نہ ہونا نواز شریف اور ان کے خاندان کی بے گناہی کا ثبوت ہے، ایسا نہیں چلے گا عوام حقائق جانتے ہیں اور وہ 25جولائی کو ہر قیمت پر پاکستان مسلم لیگ ن اور شیر کا ساتھ دیں گے۔ حمزہ شہباز نے سرگودھا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قومی و بین الاقوامی غیر جانبدارانہ سروے یہی بتا رہے ہیں کہ شیر سب سے آگے ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سرگودھا سمیت مسلم لیگ ن سے وفاداریاں بدلنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے مسلم لیگی کارکنوں سے کہا کہ وہ پورے جوش و خروش کے ساتھ اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔