ملتان(نمائندہ جنگ)انڈسٹریل اسٹیٹ میں بینک ڈکیتی، عملہ یرغمال بنا کر69لاکھ لوٹ لئے، مزاحمت پرگارڈ زخمی کر دیا،تفصیل کے مطابق تھانہ مظفر آباد کے علاقے انڈسٹریل ا سٹیٹ میں بینک ڈکیتی کی واردات کے دوران 4ڈاکو ؤں نےیو بی ایل بینک کی برانچ میں داخل ہو کر لاکھوں روپے لوٹ لئے جبکہ مزاحمت پر سیکورٹی گارڈ کو پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے، چار ڈاکو جوکار پر سوار تھے، دو ملزمان کار میں بیٹھے رہے جبکہ دو اندر آ گئے، ملزمان نے کاؤنٹر پر پہنچ کر کہا کہ وہ پرائز بانڈز تبدیل کرانے آ ئے ہیں اسی دوران دونوں نے پسٹل نکال لئے، بینک عملے کو یرغمال بنایا، دوسرے دو ملزمان بھی اندر آ گئے اور کیش اکٹھا کر نا شروع کر دیا ، دو ڈاکوؤں نے عملے کو یرغمال بنایا اس دوران ملزمان نے سیکورٹی گارڈعبدالعلیم سے اسلحہ چھین لیا، مزاحمت پر پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا، پولیس حکام کے مطابق ڈاکو 69لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر لےگئے، عینی شاہدین کے مطابق ملزمان مظفر گڑھ روڈ کی طرف فرار ہوئے ہیں اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز ملتان توصیف حیدر، ایس ایس پی انوسٹی گیشن امیر تیمور بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، پولیس ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کئے، پولیس ذرائع کے مطابق بینک انتظامیہ نے کچھ دیر پہلے ہی سٹیٹ بینک سے کیش منگوایا تھا،ایس ایس پی آپریشنز توصیف حیدر کے مطابق لوٹے گئے کیش کی اصل مالیت جانچ پڑتال کے بعد کلیئر ہو گی، پولیس ٹیموں نے موقع سے فنگر پرنٹس اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی، ڈاکوؤں نے بغیر نقاب کے واردات کی، جن کی تصاویر حاصل کر لی، پولیس حکام کے مطابق جلد ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔