مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا استقبال کرنا آئینی اورقانونی حق ہے، وہ خود کارکنوں کے ہمراہ 13 جولائی کو ایئرپورٹ پہنچیں گے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پرامن طریقے سے نوازشریف کا استقبال کریں گے اور اس دوران کارکن سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جیلوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں، شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں،تمام جماعتوں کوبرابری کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانے کا موقع ملنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن لیگی کارکن کی گرفتاری کا نوٹس لے،ان کا کہنا تھا کہ پولیس حنیف عباسی کوبھی گرفتار کرنا چاہتی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کی شفافیت پرسوال اٹھا رہی ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی صدرکی حیثیت سے کارکنوں کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں بیٹھوں گا۔