• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، مریم کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا، چیئرمین نیب

نواز، مریم کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا، چیئرمین نیب

کراچی (جنگ نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ جیو نیوز کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائیگی ۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور حکومتی مشنیری کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیب کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیلئے سہولیات فراہم کرے، نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے بعد نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ ہوگا، باپ بیٹی کو ایئرپورٹ سے نہیں نکلنے دیا جائے گا، سزا یافتہ کو گرفتار کرنا فرض ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ انہیں لاہور میں پھرنے دیں، یہ کہنا غلط ہے کہ مخصوص لوگوں کا احتساب ہورہا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کو اپیل کا حق ہے یہ سب قانونی مرحلہ ہے۔ وفاقی وزیر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے کسی قسم کا کریک ڈائون نہیں ہونا چاہیے لیکن اگر سکیورٹی اداروں کو یہ اطلاعات ملے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی منصوبہ بندی یا عدالتی احکامات کے راستے میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہونے والی ہے یا کسی قانون کی خلاف ورزی ہونے لگی ہے تو سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان چیزوں کو روکیں۔ نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی آمد پر ایئرپورٹ کی حدود میں داخلے کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

تازہ ترین