اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے جبکہ فاضل عدالت نے کیس کو آج سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 راولپنڈی ون سے امیدوار ہیں جن کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو درخواست گزار مسعود عباسی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ درخواست گزار کا مو قف ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے بیان حلفی اور کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی ہے اس لیے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جاہیں۔دوسری جانب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کردیاہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثاراور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔