• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری کی پاکستان میں انتخابی جلسوں میں دھماکوں کی شدید مذمت

عالمی برادری کی پاکستان میں انتخابی جلسوں میں دھماکوں کی شدید مذمت

واشنگٹن /لندن/بیجنگ(نیوز ایجنسیاں /مانیٹرنگ سیل) عالمی برادری نے پاکستان میں انتخابی جلسوں میں دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ عالمی رہنمائوں نے دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ نے پاکستان میں انتخابی جلسوں میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں،دھماکوں میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گوہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان میں انتخابی جلسوں میں دھماکوں کی مذمت کی گئی ہے۔ ایسے حملے پاکستانی عوام کوجمہوری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ترجمان محکمہ خارجہ ہیتھرناورٹ نے کہا کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں جب کہ دھماکوں میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گوہیں۔برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم انسانیت دشمن مجرموں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے ‘ ہمارے پاکستانی دوستوں کیلئے خوف ناک دن ہے‘پاکستان میں جمہوری عمل کو روکنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہفتہ کو مستونگ اور بنوں میں دہشت گرد حملوں پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بیان میں کہا کہ ہمارے پاکستانی دوستوں کیلئے خوفناک دن ہے۔ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستانی قوم انسانیت دشمن مجرموں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پاکستان میں جمہوری عمل کو روکنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جنگ نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں مستونگ دھماکے کی شدید ترین الفاط میں مذمت کی ، ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں چین کے سفیر نے کہا کہ مذکورہ حملہ آرمی پبلک اسکول کے بعد دوسرا ہولناک دھماکہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور وہ پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین