• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رسول بخش پلیجو اعلیٰ قسم کے سیاسی استاد اور سیاسی گاڈ فادر تھے،قادر مگسی

رسول بخش پلیجو اعلیٰ قسم کے سیاسی استاد اور سیاسی گاڈ فادر تھے،قادر مگسی

ٹھٹھہ(رپورٹ/شاہد صدیقی) عوامی تحریک کے سربراہ ادیب، دانشور اور وکیل رسول بخش پلیجو کے چہلم کی تقریب آبائی گاؤں منگر خان پلیجو میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں، سندھیانی و عوامی تحریک کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ رسول بخش پلیجو ایک اعلیٰ قسم کے سیاسی استاد اور سیاسی گاڈ فادر تھے انہوں نے سندھ کی قومی تحریک میں نئی روایات ڈالی، ہم سب ان کی سیاسی روایات اور جدوجہد کو نظر میں رکھتے ہوئے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، ان کے سیاسی فکر اور فلسفہ کو نصابی کتب کے ساتھ ساتھ پڑھانے سے آئندہ آنیوالی نسل کو سیکھنے کا موقع ملے گا، اور سندھی قوم مضبوط و منظم ہوکر سندھ کی آزادی کے لیے جدوجہد کرکے سندھ کو آزاد اور باوقار وطن بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عورت کو کمتر سمجھا جاتا ہے لیکن انہوں نے خواتین کو جدوجہد کا راستہ دکھایا، سندھیانی تحریک نے مارشل لاء کا مقابلہ بھی جذبہ اور مردانگی سے کیا۔ رسول بخش پلیجو نے دن رات موم بتی کی طرح جل کر جگ کو روشن کرنے کے فلسفہ پر عمل کیا۔ پاکستان سرائیکی پارٹی کے مرکزی رہنما شفقت شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول بخش پلیجو نے ساری زندگی آزادی اور حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد میں گزار دی۔ مشہور کلاسیکل فنکارہ شیما کرمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پلیجو صاحب کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں، پلیجو صاحب نے سندھ کی خواتین کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا سکھایا اور سندھ کی عوامی سیاست میں خواتین کے کردار کو فروغ دیا۔قبل ازیں رسول بخش پلیجو کی مزار پر عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک کے عہدیداروں اور کارکنوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی، جبکہ سندھیانی تحریک کے ایک دستہ نے انہیں سلامی پیش کی جبکہ مختلف ٹیبلوز بھی پیش کیے اور مختلف فنکاروں نے گیت پیش کیے۔۔ٹھٹھہ سے نامہ نگار کے مطابق سنیٹر سسی پلیجو نے چہلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عام چہلم کی تقریب نہیں ہے ہم پلیجو صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، وہ ایسے ہیرے تھے جن کی کوئی قیمت نہیں تھی۔

تازہ ترین