• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کےشہر استور اور گردونواح میں شدید برفباری

Latest News
اسلام آباد ......گلگت بلتستان کے شہر استور اور گردونواح میں شدید برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، گز شتہ روز اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11ریکارڈ کیا گیا۔

ملک کےبالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ وقفے وقفےسے جاری ہے، ملکہ کوہسار مری میں ڈیڑھ ماہ بعد برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، پنجاب کے زیادہ تر شہروں میں دھند کا راج ہے،گلگت بلتستان کےضلع غذر، دیامر کےپہاڑوں پر وقفے وقفےسے برفباری ہورہی ہے اورسردی بڑھتی جارہی ہے۔

ضلع استورمیں سرد ہوائیں چلنے سے خون جما دینے والی سردی پڑرہی ہے، بالائی علاقوں میں راستے بدستور بند ہیں جس سےخوراک کی قلت ہوگئی ہے، ادھرملکہ کوہسار مری میں برفباری اور سوات کے پہاڑوں پر برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارش سےسردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

برفباری کے بعد ملک بھرسےسیاحوں نےایک مرتبہ پھرمری کالام، مالم جبہ اور میاندم کا رخ کرلیاہے، پنجاب کے بیشتر شہر اب بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں،،جس سے معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعے کو اسلام آباد،خیبرپختونخوا، فاٹا، شمالی بلوچستان، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
تازہ ترین