سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) متحدہ مجلس عمل کے سینئر نائب صدر و امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم نے اگر اب بھی لٹیروں کو ووٹ دیا تو ان کی زندگی ایسی ہی رہے گی، وقت آگیا ہے کہ عوام ظلم، کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، پاکستان کی نسلوں کے لئے ضروری ہے کہ ووٹ کا درست استعمال کیا جائے، خواتین اپنے دوپٹے کی حفاظت کے لئے حق رائے دہی استعمال کریں، تمام سیاسی جماعتوں میں کرپٹ لوگ ہیں، ایم ایم اے میں کوئی کرپٹ نہیں، ہم نے پاک دامن لوگوں کو جمع کیا ہے، اگر اسمبلیوں سے 62اور 63کا اطلاق ہوجائے تو علمائے کرام ہی اہل ہوسکتے ہیں، ہمیں مغربی تہذیب کیخلاف نظریاتی معرکہ لڑنا ہوگا، مغرب کو شکست دینا ہوگی، ہمارے مخالفین کے پیچھے مغربی میڈیا موجود ہے، جو ہیرو کو زیرو، زیرو کو ہیرو بناتا ہے۔ وہ سکھر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 2018کے الیکشن میں پاکستان میں کوئی انقلابی حکومت قائم نہیں ہوئی تو غریب کے لئے زندگی گزارنا مشکل ہوجائیگا، غریب پر ظلم کے مزید پہاڑ توڑے جائیں گے، ملک میں 70سال سے جو حکمرانی ہورہی ہے وہ حکمرانی نہیں بلکہ کرپٹ قیادت کی وجہ سے 2کروڑ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔